آسٹریلیا نے 10 سال بعد بھارت کو بارڈر گواسکر ٹرافی میں شکست سے دوچار کیا، اس کے ساتھ ایک زخم یہ بھی لگایا کہ سنیل گواسکر کو جیتی ہوئی ٹیم کو ٹرافی دینے کی تقریب میں مدعو تک نہ کیا۔
ایک انٹرویو کے دوران بھارتی صحافی نے سنیل گواسکر سے سوال کیا کہ ٹرافی آپ نام پر ہے، فائنل تقریب میں آسٹریلوی کپتان کو ٹرافی دی گئی، وہاں ایلن بارڈر موجود تھے آپ نہیں گئے کیوں؟
اس پر سنیل گواسکر نے جواب دیا، ’مجھے بلایا ہی نہیں گیا، کرکٹ آسٹریلیا سے مجھے کوئی دعوت نہیں ملی، نہ ہی ای میل، نہ ہی فون کال اور نہ ہی مسیج کے ذریعے مجھے مدعو کیا گیا۔‘
آسٹریلیا میں موجود بھارتی لیجنڈ کرکٹر نے مزید کہا، ’میں جس چینل کےلیے کمنٹری کر رہا ہوں، اُس کی انتظامیہ کو کرکٹ آسٹریلیا نے کہا کہ اگر آخری ٹیسٹ بھارت نے جیتا اور سیریز ڈرا ہوئی تو ٹرافی دینے کےلیے سنیل گواسکر کو مدعو کریں گے بصورت دیگر ایلن بارڈر آسٹریلوی کپتان کو ٹرافی دیں گے۔‘
انہوں نے انکشاف کیا کہ مجھ سے براہ راست کرکٹ آسٹریلیا نے اس معاملے پر کوئی بات نہیں کی۔