• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

سوشل میڈیا پر دوستی کے بعد 10 سالہ لڑکی 16 سالہ لڑکے کیساتھ فرار

فوٹو: فائل
فوٹو: فائل

بھارت میں 10 سالہ لڑکی اور 16 سالہ لڑکے نے انسٹاگرام پر دوستی کے بعد  گھر سے فرار ہونے کی کوشش کی۔

بھارتی ریاست گجرات کے دھنسورا گاؤں میں ایک 10 سالہ لڑکی اور 16 سالہ لڑکے نے انسٹاگرام پر دوستی کے بعد گھر سے فرار ہونے کی کوشش کی جس کے بعد پولیس نے لڑکی کے خاندان کی شکایت کے چند گھنٹوں بعد ہی دونوں کو ایک قریبی گاؤں سے گرفتار کر لیا۔

تفصیلات کے مطابق 31 دسمبر کو پانچویں جماعت کی طالبہ 10 سالہ لڑکی اپنے گھر سے لاپتہ ہوگئی۔ کئی گھنٹوں کی تلاش کے بعد اس کے خاندان نے پولیس میں شکایت درج کروائی، جس میں اغوا کا الزام لگایا گیا تھا۔

تحقیقات کے دوران پتہ چلا کہ دونوں بچے سوشل میڈیا ایپ انسٹاگرام پر  ایک دوسرے سے رابطے میں آئے اور محبت میں مبتلا ہوگئے۔ 31 دسمبر کو، انہوں نے اپنے تین دوستوں کی مدد سے فرار ہونے کا منصوبہ بنایا اور گھر چھوڑ دیا۔

دلچسپ بات یہ ہے کہ لڑکی کے والد کو سوشل میڈیا کے بارے میں کچھ معلوم نہیں تھا۔ پولیس نے بتایا کہ 10 سالہ لڑکی اپنی والدہ کے موبائل فون سے انسٹاگرام استعمال کرتی تھی اور وہیں اس کی ملاقات لڑکے سے ہوئی، جو دوسرے گاؤں میں رہتا تھا، دونوں اکثر فون پر بات بھی کرتے تھے۔

والدین کی جانب سے شکایت درج کروانے کے بعد پولیس نے لڑکی کو ڈھونڈ نکالا اور اسے اس کے خاندان کے حوالے کر دیا۔ 

پولیس کے مطابق لڑکی کے خاندان کی جانب سے درج کروائی گئی شکایت پر مقدمہ بھی درج کر لیا گیا ہے۔

بھارتی میڈیا کے مطابق ایسا ہی ایک واقعہ گزشتہ سال مدھیہ پردیش میں پیش آیا، جہاں ایک 15 سالہ لڑکی ایک 27 سالہ شخص کے ساتھ فرار ہو گئی، جس سے وہ سوشل میڈیا پر ملی تھی۔ اس جوڑے نے اپنے والدین کو دھمکی دی کہ اگر شادی کی اجازت نہ دی گئی تو وہ مزید قدم اٹھائیں گے۔

مدھیہ پردیش میں حال ہی میں ہونے والی ایک تحقیق سے معلوم ہوا کہ تقریباً 10 میں سے 4 نابالغ لڑکیاں، جو اپنے والدین کو اطلاع دیے بغیر گھر چھوڑ دیتی ہیں، گھریلو مسائل کی وجہ سے ایسا قدم اٹھاتی ہیں۔

بین الاقوامی خبریں سے مزید