• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

محمد یاسین برطانیہ کے پاکستان کیلئے تجارتی ایلچی مقرر

محمد یاسین — فائل فوٹو
محمد یاسین — فائل فوٹو

پاکستانی نژاد برطانوی رکنِ پارلیمنٹ محمد یاسین کو برطانیہ کا پاکستان کے لیے تجارتی ایلچی مقرر کیا گیا ہے۔ 

لیبر پارٹی کے محمد یاسین جولائی 2024ء کے عام انتخابات میں مسلسل تیسری بار بیڈ فورڈ سے رکنِ پارلیمنٹ منتخب ہوئے ہیں، وہ بزنس اور ٹریڈ سیکریٹری جوناتھن رینالڈز کی جانب سے مقرر کردہ نئی ’گلوبل گروتھ ٹیم‘ کا حصہ ہیں۔

محمد یاسین آزاد جموں و کشمیر کے علاقے میرپور میں پیدا ہوئے اور میرپور ڈگری کالج سے گریجویشن کرنے کے بعد برطانیہ منتقل ہوئے۔

ان کا کہنا ہے کہ پاکستان کے لیے برطانیہ کا تجارتی ایلچی مقرر ہونا اور کام کرنا میرے لیے ایک بہت بڑا اعزاز ہے، پاکستان وہ ملک ہے جہاں میں پیدا ہوا، یہ ایک شاندار موقع ہے کہ مضبوط تجارتی تعلقات کو فروغ دیا جائے، سرمایہ کاری کو بڑھایا جائے اور دونوں عظیم اقوام کے درمیان مشترکہ ترقی کو ممکن بنایا جائے۔

محمد یاسین نے کہا کہ میں اپنے نئے کردار میں اسلام آباد میں برطانوی ہائی کمیشن اور برطانیہ میں پاکستانی ہائی کمیشن کے ساتھ مل کر کام کرنے کا منتظر ہوں تاکہ برطانیہ اور پاکستان کے درمیان اقتصادی تعلقات کو مزید مضبوط کیا جا سکے۔

انہوں نے کہا ہے کہ پاکستان بے پناہ صلاحیتوں کا حامل ملک ہے، جس میں ایک متحرک معیشت، ترقی کرتے ہوئے شعبے اور باصلاحیت لوگ شامل ہیں، میں دونوں ممالک کے کاروباری اداروں، اسٹیک ہولڈرز اور رہنماؤں کے ساتھ مل کر ایک خوش حال مستقبل تعمیر کرنے کے لیے کام کرنے کا منتظر ہوں۔

محمد یاسین کا کہنا ہے کہ یہ نیا کردار برطانیہ میں کاروباروں کی مدد، برآمدی مواقع تلاش کرنے اور ترقی و مشترکہ کامیابی کے لیے دروازے کھولنے والے روابط پیدا کر کے حقیقی فوائد فراہم کرتا ہے، میں دونوں محاذوں پر مثبت اثر ڈالنے کے لیے پرعزم ہوں۔

2024ء میں پاک برطانیہ مجموعی تجارتی حجم 4.4 ارب پاؤنڈ سے متجاوز

برطانوی حکومت کے جاری کردہ حالیہ اعداد و شمار کے مطابق 2024ء میں برطانیہ اور پاکستان کے درمیان مجموعی تجارتی حجم 4.4 ارب پاؤنڈ سے تجاوز کر گیا۔

برطانیہ سے پاکستان کو برآمدات 2.1 ارب پاؤنڈ تھیں جبکہ پاکستان سے درآمدات 2.3 ارب پاؤنڈ تک پہنچ گئیں۔ 

پاکستان کے لیے برطانیہ، امریکا اور چین کے بعد تیسرا سب سے بڑا تجارتی شراکت دار ہے، 2024ء میں برطانیہ کے لیے پاکستان اس کا 49 واں سب سے بڑا تجارتی شراکت دار تھا۔ 

محمد یاسین پر امید ہیں کہ ان کی تقرری دونوں ممالک کی تجارت پر مثبت اثر ڈالے گی۔

پلان فار چینج کے تحت تجارتی ایلچیوں کی تقرری

محمد یاسین ان 32 ارکانِ پارلیمنٹ میں شامل ہیں جو بزنس اور ٹریڈ سیکریٹری جوناتھن رینالڈز کے ساتھ خصوصی تجارتی ایلچیوں کے طور پر کام کریں گے تاکہ دنیا بھر کے مختلف ممالک اور خطوں کے لیے برطانیہ کی برآمدات اور سرمایہ کاری کو فروغ دے کر اقتصادی ترقی کو آگے بڑھایا جا سکے، یہ تقرری برطانیہ کے ’پلان فار چینج‘ کے تحت کی گئی ہے۔

بزنس اور ٹریڈ سیکریٹری جوناتھن رینالڈز نے ایک بیان میں کہا ہے کہ تجارت اور سرمایہ کاری اقتصادی ترقی کو فروغ دینے کے لیے کلیدی حیثیت رکھتے ہیں، جو اس حکومت کا سب سے اہم مشن اور ہمارے پلان فار چینج کا بنیادی حصہ ہے، اسی لیے میں نے تجارتی ایلچیوں کی ایک نئی ٹیم تشکیل دی ہے جو اپنی مہارت، تجربے اور علم کا استعمال کرتے ہوئے برطانوی کاروباروں کے لیے دنیا بھر میں نئی مارکیٹوں کو کھولیں گے، برطانیہ میں سرمایہ کاری کو فروغ دیں گے اور بالآخر اقتصادی ترقی کو آگے بڑھائیں گے۔

محمد یاسین کے علاوہ پاکستانی نژاد دیگر ارکانِ پارلیمنٹ جنہیں خصوصی تجارتی ایلچی مقرر کیا گیا ہے، ان میں افضل خان (ترکی)، ناز شاہ (انڈونیشیا اور آسیان)، ڈاکٹر روزینا ایلن خان (جنوبی افریقہ اور ماریشس) اور یاسمین قریشی (مصر) شامل ہیں۔

یہ ارکان بزنس اور ٹریڈ ڈیپارٹمنٹ کے ساتھ قریبی تعاون کریں گے تاکہ یورپی یونین کے ساتھ تجارتی تعلقات کو دوبارہ استوار کرنے کے علاوہ نئی مارکیٹوں تک رسائی کے مواقع تلاش کیے جا سکیں، برآمدات کو فروغ دیا جا سکے، سرمایہ کاری کو اپنی طرف راغب کیا جا سکے اور تجارتی رکاوٹوں کو ختم کیا جا سکے۔

تجارتی خبریں سے مزید