چیئرمین اوورسیز پاکستانی ویلفیئر کونسل (او پی ایف) نعیم نقشبندی کا کہنا ہے کہ پاکستانی نژاد برطانوی رکنِ پارلیمنٹ محمد یاسین کا پاکستان کے لیے برطانیہ کا تجارتی ایلچی مقرر ہونا خوش آئند ہے۔
مرکزی رہنما مسلم لیگ ن لندن اقبال سندھو کا کہنا ہے کہ محمد یاسین اپنی صلاحیتوں کی بدولت دونوں ممالک کے عوام کے درمیان ترقی کو ممکن بنائیں گے۔
اوورسیز پاکستانی ویلفیئر کونسل کے چیئرمین نعیم نقشبندی اور مسلم لیگ ن لندن کے مرکزی رہنما اقبال سندھو نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے اپنے خیالات کا اظہار کیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ حکومت پاکستانی معیشت کے استحکام اور ترقی کے لیے جدوجہد میں مصروفِ عمل ہے، دونوں ممالک ترقی و خوش حالی کے لیے اسٹیک ہولڈرز اور اداروں کے ساتھ مل کر آگے بڑھنے کے خواہش مند ہیں تاکہ عوام کی فلاح و بہبود پر توجہ دی جا سکے اور دنیا کے ساتھ ترقی کے میدان میں کھڑے ہوں۔
ان کا کہنا ہے کہ ان حالات میں محمد یاسین جیسی مدبر اور تعلیم یافتہ شخصیت کا پاکستان اور برطانیہ کے درمیان تجارتی ایلچی مقرر ہونا ترقی کی طرف ایک مثبت اشارہ ہے۔
ن لیگی رہنما کا کہنا ہے کہ دوسری طرف پاکستان میں ایک ایماندار قیادت اور ادارے ملکی ترقی کی طرف آگے بڑھ رہے ہیں تاکہ عوام کو اندھیروں سے نکال کر روشنی اور ترقی کی راہ پر گامزن کیا جا سکے۔
ان کا کہنا ہے کہ پاکستان میں نوجوان نسل کی ترقی اور تعلیم کے لیے نئے منصوبوں کا آغاز اس بات کا واضح ثبوت ہے کہ ملک میں خوش حالی کا جال بچھایا جا رہا ہے اور حکومت ترقی کے لیے سنجیدہ کاؤشوں میں مصروف ہے۔
رہنماؤں نے کہا کہ اب وقت آ گیا ہے کہ بیرونی دنیا کے ساتھ اپنے تعلقات کو فروغ دیں اور پاکستان کو ایشیاء کا ٹائیگر بنائیں، عوام حکومت کا ساتھ دیں، متحد و منظم ہوں تاکہ حطے میں ترقی کا ایک نیا دور شروع ہو، پاکستان کے ادارے ملک کی تعمیر میں مثبت کردار ادا کر رہے ہیں، پاک فوج پاکستان کے دفاع کے لیے ہمہ تن مصروفِ عمل ہے، اب ترقی کا دور شروع ہو چکا ہے۔