وزیر اطلاعات پنجاب عظمیٰ بخاری کا کہنا ہے کہ 9 مئی اور 26 نومبر کے جعلی انقلابیوں کو انقلاب لانے کا شوق تھا تو پرچے بھی بھگتیں۔
پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے رہنما عمر ایوب کے بیان پر ردعمل دیتے ہوئے عظمیٰ بخاری نے کہا کہ پنجاب پولیس کچے کے ڈاکوؤں کو بھی پکڑ رہی ہے، پکے کے ڈاکوؤں کو بھی، پنجاب پولیس کسی بے گناہ کو تنگ نہیں کرتی، کسی ریکارڈ یافتہ مجرم کو چھوڑتی نہیں۔
عظمیٰ بخاری نے کہا کہ پنجاب پولیس کا سب سے بڑا معیار یہی ہے کہ ان کا ڈنڈا بہت تگڑا ہے، پنجاب میں انتقامی کارروائی یا سیاسی بنیادوں پر مقدمات درج کرنے کا سلسلہ بند ہو چکا۔
صوبائی وزیر نے کہا کہ مریم نواز کی حکومت میں پنجاب پولیس غیر سیاسی اور غیر جانبدار ہو کر کام کر رہی ہے، جنہوں نے 9 مئی کیا، شہداء کے مجسموں کی توہین کی، وہ سیاسی لبادے میں نہیں چھپ سکتے۔