وزیرِ اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے جدید سہولتوں سے آراستہ شارعِ فیصل ماڈل پولیس اسٹیشن کا افتتاح کر دیا۔
وزیراعلیٰ سندھ نے پولیس کو جدیدیت کی راہ پر گامزن کرنے کی جانب اہم پیش رفت کرتے ہوئے ماڈل تھانے کا افتتاح کیا ہے۔
اس تھانے کی افتتاحی تقریب میں وزیرِ داخلہ ضیاء الحسن لنجار، انسپکٹر جنرل پولیس غلام نبی میمن، ایڈیشنل آئی جی کراچی جاوید عالم اوڈھو اور دیگر پولیس افسران موجود تھے۔
ترجمان وزیرِ اعلیٰ سندھ کے مطابق سید مراد علی شاہ نے پولیس اسٹیشن کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ سندھ حکومت قانون نافذ کرنے کے نظام میں انقلابی اقدامات کر رہی ہے اور صوبے کے عوام کو ہر طرح کی سہولت اور تحفظ فراہم کرے گی۔
ان کا کہنا ہے کہ صوبے کے تمام پولیس اسٹیشنز کو جدیدطرز پر استوار کرنا ضروری ہے، صوبے کے ہر ضلع میں ایک ماڈل پولیس اسٹیشن قائم کرنے کے لیے فنڈز جاری کر دیے ہیں، کل 31 ماڈل پولیس اسٹیشنز کے لیے 28 کروڑ 84 لاکھ 10 ہزار روپے مختص کیے ہیں۔
انہوں نے بتایا کہ کراچی کے 8 پولیس اسٹیشنز کے لیے 6 کروڑ 20 لاکھ روپے سے زائد رقم جاری کی گئی ہے جبکہ حیدرآباد کو 9 کروڑ اور میرپور خاص پولیس رینج کے لیے 2 کروڑ 89 لاکھ 58 ہزار روپے مختص کیے گئے ہیں۔
وزیر اعلیٰ سندھ کا کہنا ہے کہ شہید بینظیرآباد اور سکھر کے لیے 3، 3 کروڑ روپے اور لاڑکانہ کے لیے 4 کروڑ 74 لاکھ 23 ہزار روپے جاری کیے گئے ہیں۔
ان کا کہنا ہے کہ ماڈل تھانوں میں عمارتوں کی تزئین و آرائش، باقاعدہ لاک اپ، استقبالیہ اور فیملی ایریا ہو گا۔
سید مراد علی شاہ نے مزید کہا کہ سالوں سے سنتے آئے ہیں کہ حالات سازگار نہیں ہیں، 2008ء تک قافلوں میں سفر کرنا پڑتا تھا، مگر اُس وقت سے بہتر اس وقت حالات ہیں، جن میں گزشتہ 2، 3 ماہ سے مزید بہتری آئی ہے۔
ان کا یہ بھی کہنا ہے کہ ڈاکوؤں کے خاتمے کے لیے پولیس اور رینجرز کارروائیاں کر رہی ہیں، ہمارے معاشرے میں لوگ دھرنا دیتے ہیں اور میڈیا میں ان کی کوریج ہوتی ہے، قانون کو ہاتھ میں لیے بغیر آپ مسائل کو پوائنٹ آؤٹ کریں، احتجاج جمہوری حق ہے، مگر لوگوں کو کسی قسم کی تکلیف نہیں دینی چاہیے۔