قومی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان بابر اعظم کی مداح کا کہنا ہے کہ میرا دل کر رہا ہے کہ کمرے میں لگا بابر اعظم کا پوسٹر نکال کر پھینک دوں، اصل کنگ تو ویرات کوہلی ہیں۔
سنچری اسکور کرنے پر سابق کپتان بابر اعظم کے لیے اپنے پپّا کی مرسڈیز کا اعلان کر کے ہر ایک کی توجہ کا مرکز بننے والی ان کی مداح نبیہہ کا دل ٹوٹ گیا اور سوشل میڈیا پر مختلف ویڈیوز شیئر کر کے اپنے غم کا اظہار کیا ہے۔
نبیہہ نے بابر اعظم سے مایوس ہو کر پڑوسی ملک کے سابق کپتان ویرات کوہلی کو اصل کنگ قرار دے دیا۔
سوشل میڈیا پر شیئر کی گئی ویڈیو میں انہوں نے کہا کہ میرے کمرے میں بابر اعظم کا اتنا بڑا پوسٹر لگا ہوا ہے لیکن میرا دل کر رہا ہے اسے نکال کر پھینک دوں، یہ کوئی طریقہ ہے کیا، میرے ساتھ مذاق ہوا ہے، اب میں اپنی زندگی کے ساتھ کیا کروں گی؟
مداح کے مطابق بابر اعظم کے پوسٹر پر لکھا ہے کہ رن مشین اور یہ رن تک نہیں بنا پائے۔
ایک اور ویڈیو میں نبیہہ نے قومی ٹیم کو مخاطر کیا اور کہا کہ پاکستانی کرکٹ ٹیم آپ لوگوں کو ذرا شرم نہیں آتی کیا، آپ لوگ ہمارے جذبات کے ساتھ کیوں کھیلتے ہیں؟ آپ لوگ میرا بی پی کیوں ہائی کرتے ہیں؟ پوری پاکستانی قوم کا دل کیوں دکھاتے ہیں؟ اب میرے پپّا کی مرسڈیز تو اسی طرح کھڑی رہے گی ناں۔
انہوں نے کہا کہ محسن نقوی صاحب اس طرح کیوں کہہ رہے تھے کہ تم جیتو یا ہارو ہمیں تم سے پیار ہے؟ بس بہت ہو گیا، تم جیتو یا ہارو ہمیں تم سے پیار نہیں ہے، آپ لوگوں کو ہمارے پیار نے ہی بگاڑا ہے، بابر اعظم مجھے آپ سے یہ امید نہیں تھی، یہ بہت شرمندگی کا باعث ہے۔
مداح کا یہ بھی کہنا ہے کہ میں تو کہتی ہوں کوہلی اصل کنگ ہے، صرف رضوان اور سعود نے ہی بہترین کارکردگی پیش کی، باقی ٹیم کو کیا ہو گیا ہے؟ خراب کھلاڑیوں کی جگہ نئے کھلاڑیوں کو موقع دیا جائے، ہمارے ملک میں ٹیلنٹ کی کمی نہیں ہے۔