• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

جعفر ایکسپریس حملے پر پی ٹی آئی اور بھارتی میڈیا ملتی جلتی زبان بولتے رہے: خواجہ آصف

وفاقی وزیرِ دفاع خواجہ آصف—فائل فوٹو
وفاقی وزیرِ دفاع خواجہ آصف—فائل فوٹو

وفاقی وزیرِ دفاع خواجہ آصف نے کہا ہے کہ بلوچستان میں دورانِ آپریشن پی ٹی آئی اور بھارتی میڈیا ملتی جلتی زبان بولتے رہے۔

ایک بیان میں وزیرِ دفاع نے کہا ہے کہ بہادر محافظوں نے بڑے سانحے سے ملک کو بچا لیا اور 33 دہشت گردوں کو جہنم واصل کر کے جعفر ایکسپریس کے تمام یرغمالیوں کو رہا کروا لیا۔

انہوں نے کہا کہ دورانِ آپریشن پی ٹی آئی اور بھارتی میڈیا ملتی جلتی زبان بولتے رہے، افغانستان سے بھی سوشل میڈیا پر ایسی ہی زبان بولی جاتی رہی، ہم پر لازم ہے کہ سیاسی مفادات سے بالا تر ہو کر قومی وحدت کا مظاہرہ کریں۔

یاد رہے کہ منگل کو بولان میں دہشت گردوں نے پشاور جانے والی جعفر ایکسپریس پر حملہ کیا تھا اور مسافروں کو یرغمال بنا لیا تھا جن میں عورتیں اور بچے بھی شامل تھے۔

بعد ازاں فورسز نے کلیئرنس آپریشن میں 190 مسافروں کو بازیاب کروایا تھا۔

پاک فوج کے شعبۂ تعلقاتِ عامہ (آئی ایس پی آر) کے ڈائریکٹر جنرل (ڈی جی) لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف نے اس حوالے سے پریس بریفنگ میں بتایا ہے کہ جعفر ایکسپریس کے یرغمالی مسافر بازیاب ہو گئے اور تمام 33 دہشت گرد ہلاک کر دیے گئے جبکہ کارروائی کے دوران ایف سی کے 4 جوان شہید ہوئے ہیں۔

انہوں نے یہ بھی بتایا کہ دہشت گردوں نے ٹرین کے 21 مسافروں کو سیکیورٹی فورسز کے آپریشن سے قبل شہید کیا۔

قومی خبریں سے مزید