ترجمان دفتر خارجہ شفقت علی خان نے کہا ہے کہ بھارت پاکستان میں دہشت گردی کے واقعات میں ملوث ہے، بلوچستان ٹرین واقعے میں جن کالز کا سراغ لگایا گیا ان کے مطابق دہشت گرد افغانستان میں رابطے میں تھے۔
ہفتہ وار پریس بریفنگ میں ترجمان دفترِ خارجہ شفقت علی خان کا کہنا ہے کہ دہشت گردی ہمارے لیے ایک سنجیدہ مسئلہ ہے، دہشت گردوں کی افغانستان میں محفوظ پناہ گاہیں ہیں۔
انہوں نے کہا کہ جعفر ایکسپریس دہشت گردی واقعے پر ریسکیو آپریشن مکمل ہو گیا ہے، ماضی میں بھی ہم ایسے واقعات کی مکمل تفصیلات افغانستان کے ساتھ شئیر کرتے رہے ہیں، ہم سفارتی رابطوں کو اس طرح پبلک فورم پر بیان نہیں کرتے، یہ ایک مسلسل عمل ہے جو جاری رہتا ہے۔
ترجمان دفترِ خارجہ نے کہا ہے کہ افغانستان پر ہماری بنیادی ترجیح دوستانہ اور قریبی تعلقات کا فروغ ہے، اس سمت میں تعلقات کا تسلسل اہم ہے، بہت سے دوست ممالک نے جعفر ایکسپریس دہشت گرد واقعے کی مذمت کی ہے۔
ان کا مزید کہنا ہے کہ ہماری پالیسی میں کوئی تبدیلی نہیں آئی، کئی دوستوں سے ہمارا انسدادِ دہشت گردی پر تعاون موجود ہے، پاکستانی حکومت کثیرالجہتی حکمتِ عملی پر گامزن ہے۔
ترجمان دفترِ خارجہ نے یہ بھی کہا کہ ایران ہمارا دیرینہ ہمسایہ دوست ملک ہے، پاکستان میں موجود کسی بھی غیر ملکی شہری کے لیے قوانین موجود ہیں۔