بھارت کی سابق ورلڈ چیمپئن باکسر سویتی بُورا نے پولیس اسٹیشن میں اپنے شوہر کبڈی پلیئر دیپک نواس ہودا پر حملہ کر دیا۔
ویڈیو میں سابق ورلڈ چیمپئن باکسر کو اپنے شوہر پر حملہ آور ہوتے اور شور شرابہ کرتے دیکھا جا سکتا ہے۔
حملے کے وقت دیپک نواس ہودا کرسی پر بیٹھے رہے، اس دوران وہاں موجود لوگوں نے بیچ بچاؤ کرایا۔
بھارتی میڈیا کے مطابق میاں بیوی کے درمیان عدالت میں طلاق کا کیس چل رہا ہے۔
سویتی بورا نے طلاق کے لیے درخواست دائر کی تھی، جس میں شوہر پر جہیز کے لیے ہراساں کرنے اور حملہ کرنے کا الزام عائد کیا گیا تھا۔
سویتی نے دعویٰ کیا کہ شوہر نے ایک لگژری کار مانگی تھی جو دے دی گئی، لیکن اس نے پھر بھی اس کے ساتھ بدسلوکی کی اور مزید رقم کا مطالبہ کیا۔
واضح رہے کہ سویتی بورا اور دیپک کی شادی 2022ء میں ہوئی تھی، دیپک ہودا ایک مشہور کبڈی کھلاڑی ہیں جنہوں نے بین الاقوامی ٹورنامنٹس میں ہندوستان کی نمائندگی کی ہے۔
انہوں نے 2016ء کے ساؤتھ ایشین گیمز میں گولڈ میڈل اور 2014ء کے ایشین گیمز میں کانسی کا تمغہ جیتا تھا۔