محکمۂ موسمیات نے ملک کے مختلف علاقوں میں 14 سے 19 اپریل کے دوران ہیٹ ویو کا امکان ظاہر کیا ہے۔
محکمۂ موسمیات کے ترجمان انجم نذیر کا کہنا ہے کہ اس دوران سندھ کے اکثر مقامات پر درجۂ حرارت 46 سے 48 ڈگری سینٹی گریڈ تک پہنچ سکتا ہے، جنوبی پنجاب اور سندھ کے میدانی علاقوں میں ہیٹ ویو جیسی صورتِ حال رہے گی۔
ان کا کہنا ہے کہ کراچی میں آئندہ 10 روز موسم معمول کے مطابق رہنے کا امکان ہے جبکہ آج پارہ 38 ڈگری سینٹی گریڈ تک پہنچ سکتا ہے۔
انجم نذیر نے بتایا ہے کہ کراچی میں اپریل کے آخر میں ہیٹ ویو جبکہ اپریل سے جون تک ملک میں درجۂ حرارت معمول سے زائد رہنے کا امکان ہے۔
ترجمان انجم نذیر کا کہنا ہے کہ اپریل سے جون تک ملک میں بارشیں معمول کے مطابق ہوں گی۔
اپریل سے جون تک بارشوں کا ملک کے پانی کے ذخائر میں حصہ 19 فیصد رہے گا۔
انہوں نے بتایا کہ خیبر پختون خوا اور گلگت بلتستان میں اپریل سے جون تک معمول سے کم بارشیں ہوں گی۔
انجم نذیر کا کہنا ہے کہ بین الاقوامی موسمیاتی ایپس پاکستان میں زائد بارش کی پیش گوئی کر رہی ہیں، تاہم مون سون کی درست پیش گوئی مئی کے آخر یا جون کی ابتداء میں کی جا سکے گے۔
انہوں نے بتایا کہ رواں سال موسمِ سرما میں ملک میں 61 فیصد معمول سے کم بارشیں ہوئیں اور برف باری بھی 50 فیصد کم ہوئی ہے۔
ترجمان محکمۂ موسمیات کے مطابق ملک بھر کے ڈیمز میں پانی پہلے ہی ڈیڈ لیول سے نیچے ہے، جس کی وجہ سے سندھ کے اکثر علاقوں میں معتدل خشک سالی کا اعلان کیا گیا ہے۔
ان کا کہنا ہے کہ کراچی میں کچی زمین نہ ہونے کے برابر ہے، واٹر ہارویسٹنگ کی ضرورت ہے، شہر کنکریٹ پر مشتمل ہونے کے باعث بارش کا پانی زیرِ زمین جانے کے بجائے سمندر میں چلا جاتا ہے۔
انہوں نے بتایا ہے کہ کراچی میں جہاں اب بھی کچے علاقے ہیں وہاں کنویں بنانے کی ضرورت ہے، جن کی مدد سے زیرِ زمین پانی کی سطح میں اضافہ ہو سکتا ہے۔