کراچی(اسٹاف رپورٹر، پ ر) جماعت اسلامی کا یکجہتی غزہ مارچ اور JUIکا اسرائیل مردہ باد ملین مارچ آج ہوگا،یکجہتی غزہ مارچ سے امیر جماعت اسلامی پاکستان حافظ نعیم الرحمٰن خصوصی خطاب کریں گےجبکہ مولانا فضل الرحمان کی قیادت میں اسرائیل مردہ باد ملین مارچ آج ہوگا۔تفصیلات کے مطابق جماعت اسلامی کے تحت امریکی پشت پناہی سے اسرائیلی افواج کی جانب سے غزہ پر مسلسل بمباری،مظلوم و نہتے فلسطینی مسلمانوں، خواتین و بچوں سمیت سیکڑوں فلسطینیوں کی شہادت کے خلاف اور”اہل غزہ وفلسطین“ سے یکجہتی اور اتحاد امت کے اظہار کے لیے آج 4بجے سہ پہر شارع فیصل پر عظیم الشان ”یکجہتی غزہ مارچ“ ہو گا۔شہر بھر سے لاکھوں مردو وخواتین اور مختلف طبقات و مکاتب فکر اور شعبہ ہائے زندگی سے وابستہ افراد شریک ہوں گے۔