• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن
س۔میری بیٹی اور میں ٹورنٹو، کینیڈا میں رہتے ہیں، میں نے اخبار میں پڑھا ہے کہ آپ طالب علموں کو ان کے کیریئر اور مستقبل کے حوالے سے نہایت مفید مشورے دیتے ہیں،میں اپنی بیٹی کے لئے پوچھنا چاہتی ہوں جو ستمبر 2014ء میں بیچلرز مکمل کرنے جا رہی ہے اور اس کی اسپیشلائزیشن میں نفسیات اور نیو میڈیا شامل ہیں،مجھے بتائیں کہ اس کے لئے کونسی فیلڈ میں کیریئر بنانا بہتر ہے؟ (فرح یوسف،کینیڈا)
ج۔آپ کی بیٹی کے لئے واضح کیریئر کا راستہ میڈیا انڈسٹری میں ہے،اس انڈسٹری کے ماہر لوگوں کی دنیا بھر میں بہت مانگ ہے وہ اپنے بیچلرز کو ایم ایس سی میڈیا کے ساتھ ٹاپ اَپ کر سکتی ہیں اور میڈیا کے اندر وہ کسی بھی بہترین اسپیشلائزیشن کا انتخاب کر سکتی ہیں جن میں ڈیجیٹل ترمیم، سائونڈ اور ویژن یا ڈاکومنٹری قابلِ ذکر ہیں اور آپ کی بیٹی کا نفسیات کے شعبے سے تعلق اور پس منظراس کی روزمرہ کی زندگی میں نفسیاتی پہلوئوں سے متعلقہ مسائل اور ان کے حل کے لئے مدد کرےگا جو وہ ایک میڈیا فورم پر ظاہر کر سکتی ہے۔
س۔میں بی بی اے (آنرز) یو سی پی،سے کر رہا ہوں میرا ابھی تک کا سی جی پی اے 3.4%ہے اور میرے دو سمسٹر باقی رہ گئے ہیں،میں اپنے میجرز کے انتخاب تھوڑا الجھن کا شکار ہوں، فنانس اور میتھمیٹکس میں میرے اچھے گریڈز ہیں اور مارکیٹنگ کے مضمون میں بھی میری کارکردگی اچھی ہے،مجھے آپ کی رہنمائی کی ضرورت ہے میں خاص طور پر بیرونِ ملک سے اعلیٰ تعلیم حاصل کرنا چاہتا ہوں لیکن آپ میری رہنمائی کریں کہ میں کس کورس/ڈگری کو منتخب کروں؟ (محمد سعد،لاہور)
ج۔آپ بالکل صحیح سمت میں جا رہے ہیں،اگر آپ فنانس اور میتھس کی فیلڈ اور اعداد میں اچھے ہیں تو آپ کو اِسی فیلڈ میں رہنا چاہئے اور میرا یہ مشورہ ہو گا کہ آپ اچھا سی جی پی اے حاصل کرنے کی کوشش کریں اور اگر بیرون ملک جانا چاہتے ہیں تو میں ایک سالہ ماسٹرز کے لئے برطانیہ تجویز کروں گا،آپ وہاں سے ایک سال کا ماسٹرز فنانشل رسک مینجمنٹ میں کریں اور آپ کی بیچلرز اور ماسٹرز کا مجموعہ آپ کے لئے پاکستان اور بیرونِ ملک میں کیریئر کے مواقع میں اضافہ پیدا کرے گا۔
س۔میں نے نَسٹ یونیورسٹی اسلام آباد سے بی ایس سی الیکٹریکل انجینئرنگ کیا ہے ،برائے مہربانی مجھے بتائیں کہ مجھے ایم بی اے(پروجیکٹ مینجمنٹ) یا ایم ایس سی الیکٹریکل انجینئرنگ میں سے کس کا انتخاب کرنا چاہئے؟ (صادق رفیق،اسلام آباد)
ج۔اگر آپ پاکستان میں تعلیم جاری رکھنے کی منصوبہ بندی کر رہے ہیں تو میرا یہ مشورہ ہو گا کہ آپ مزید ایک یا دو سال کے لئے تعلیم میں خود کو مصروف نہ کریں،آپ اپنی انڈسٹری میں ملازمت یا انٹرن شپ تلاش کرنے کی کوشش کریں اس سے یقیناً آپ کو ماسٹرز اور اپنی فیلڈ کے انتخاب میں مدد ملے گی،اگر آپ بیرون ملک تعلیم حاصل کرنے کا ارادہ رکھتے ہیں تو آپ کو ایم ایس سی کمیونی کیشن اور الیکٹریکل انجینئرنگ کرنی چاہئے۔
س۔سر میں Comsatsمیں سوفٹ ویئر ڈیولپمنٹ کے آخری سال کا طالب علم ہوں،اگرچہ میں یہ جانتا ہوں کہ سوفٹ ویئر ڈیولپمنٹ میں کیریئر بنانے کے بہت وسیع مواقع ہیں لیکن مجھ میں ایسی کیا خاصیت ہونی چاہئے جس سے گریجویشن کے بعد مجھے زیادہ جلدی اور آسانی سے ملازمت کے مواقع حاصل ہوں،اس کے علاوہ اگر میں ماسٹرز کرتا ہوں تو مجھے کس اسپیشلائزیشن کا انتخاب کرنا چاہئے؟ (اصغر عرفان،)
ج۔میں آپ کی بات سے اتفاق کرتا ہوں اور میرا یہ مشورہ ہو گا کہ آپ سوفٹ ویئر ڈیولپمنٹ کی انڈسٹری میں چند سال کام کریں تاکہ اس میں آپ کو اندازہ ہو سکے گا کہ آپ کو کس اسپیشلائزیشن کا انتخاب کرنا چاہئے اور جب آپ اسپیشلائزیشن کے انتخاب کریں تو آپ ایم ایس سی سائبر کرائم یا کلائوڈ کمپیوٹنگ میں سے کسی ایک کا چنائو کریں،یہ یقیناً آپ کو پبلک اور پرائیویٹ سیکٹر دونوں میں کیریئر کے مواقع فراہم کرےگا۔
تازہ ترین