• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ابدالی میزائل کا تجربہ، پاکستان میں خوشی کی لہر، بھارت میں سراسیمگی کا راج

اسلام آباد (محمد صالح ظافر) ابدالی میزائل کے کامیاب تجربے سے پاکستان میں خوشی اور فخر کی لہر دوڑ گئی جبکہ بھارت میں سراسیمگی کا راج، بھارت نے سرکاری طور کوئی ردعمل ظاہر نہیں کیا۔

بھارتی ذرائع ابلاغ اسے "کھلم کھلا اشتعال انگیزی اور دھمکی" قرار دے رہے ہیں، یہ پاکستان کے دفاعی نظام کی موثر، برمحل اور چیلنجز سے نمٹنے کا قابل قدر مظاہرہ ہے۔

ابدالی میزائل کی اس سیریز میں دوران پرواز رخ تبدیل کرنے کی صلاحیت سے دشمن کے میزائل شکن ڈیفنس سسٹم کو ناکارہ بنانے اور اسے غچہ دینے کا کام لیا جا سکتا ہے۔

عالمی پروٹوکول کے تحت بھارت کو تجربے سے چوبیس گھنٹے قبل آگاہ کر دیا گیا تھا، ہفتے کو پاکستان نے ابدالی میزائل کا تجربہ کیا تو اس پر پورے ملک میں جہاں خوشی اور فخر کی لہر دوڑ گئی وہاں بھارت میں اس پر سراسیمگی پھیل گئی۔ 

پاکستان کے اس 450 کلومیٹر تک مار کرنے والے زمین سے زمین پر ہدف بنانے والے اس میزائل پر بھارت نے سرکاری طور پر کوئی تبصرہ نہیں کیا تاہم بھارتی ذرائع ابلاغ نے دو نوں ممالک کے درمیان کشیدگی کے تناظر میں اس تجربے کو کھلم کھلی اشتعال انگیزی اور دھمکی سے تعبیر کیا ہے۔ 

دفاعی مبصرین کا کہنا ہے کہ پہلگام کے واقعہ کے بعد بھارت کی انتہا پسند ہندو قیادت نے پاکستان کے ساتھ آویزش، محاذ آرائی اور جارحانہ رویہ اختیار کررکھا ہے اس کے جواب میں پاکستان کے دفاعی نظام کا ہر قدم اس قدرموثر، برمحل اور چیلنجز سے نمٹنے کی صلاحیت سے آراستہ ہے کہ دنیا بھر کے جنگی ماہرین اس پر حیرت زدہ ہیں۔ 

ان کا خیال ہے کہ پاکستان کی مسلح افواج کی قیادت نے صورتحال کو قابو میں رکھنے کے لئے جس حکمت عملی کو پورے تدبر سے اختیار کیا ہے اور اس کے ذیل میں اٹھایا گیا ہر قدم بھارتی جارحیت کے ہرامکان کو پسپا کرنے کے لئے تیر بہدف ثابت ہورہا ہے۔

گزشتہ منگل کو بھارت نے پاکستان کے ڈائریکٹر جنرل ملٹری آپریشنز سے ہاٹ لائن پر جو گفتگو کی اس کے بعد ترتیب دیئے گئے لائحہ عمل نے وہ نتائج فراہم کئے ہیں جن کا اندازہ لگایا گیا تھا۔

اہم خبریں سے مزید