اسلام آباد(تنویر ہاشمی)پاکستان نے بھارت کی کسی تیسرے ملک کے ساتھ پاکستان کے راستے ہونیوالی تجارت معطل کردی اور فوری طور پر بھارت کے ساتھ ٹرانزٹ ٹریڈ کےذریعے ہونیوالی درآمدات اور برآمدات پر پا بندی عائد کردی ، بھارت کی افغانستان اور وسط ایشیا کو پاکستان کے راستے ٹرانزٹ ٹریڈ معطل ہوجائے گی ،وفاقی حکومت نے قومی سلامتی اور پاکستان کے مفادات کو مدنظر رکھتے ہوئےبھارت کے ساتھ فضائی ، سمندری ، زمینی راستوں سےہونیوالی ٹرانزٹ ٹریڈ پر پابندی عائد کرنےکے اقدامات کیے ہیں اس حوالے سے وزارت تجارت نے اتوار کو نوٹیفکیشن جاری کر دیا ، نوٹیفکیشن کےمطابق بھارت میں تیارکردہ اشیاءکی سمندری ، فضائی اور زمینی راستے سے پاکستان کے ذریعے کسی تیسرے ملک میں اشیاء کی درآمد پر پابندی عائد کی گئی ہے،پاکستان کےراستے کسی تیسرے ملک کےلیے بھارت سے زمینی ، سمندری اور فضائی راستے سے درآمدکی جانیوالی اشیاء پر بھی پابندی عائد کی گئی ہے اور کسی تیسرے ملک سے پاکستان کے راستے بھارت کو زمینی ، سمندری اور فضائی راستے سے برآمد ہونیوالی اشیاء پر بھی پابندی عائد کی گئی ہے، ذرائع کے مطابق اس سے بھارت کی افغانستان اور وسط ایشیا کو پاکستان کے راستے ٹرانزٹ ٹریڈ معطل ہوجائے گی ، پاکستان اور بھارت کی مابین تجارت پر پہلے سے ہی پابندی ہےاور اب ٹرانزٹ ٹریڈ کے ذریعے پاکستان سے کسی تیسرے ملک کوہونیوالی تجارت پر بھی پابندی عائد کی گئی ہےتاہم اس کا طلاق ان درآمدی اور برآمدی اشیاء پر پابندی پر نہیں ہوگا۔