سندھ اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر علی خورشیدی کا کہنا ہے کہ عددی اعتبار سے آج کے سینیٹ الیکشن میں جیت پیپلز پارٹی کی ہو سکتی ہے۔
سندھ اسمبلی کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ہماری جانب سے سینیٹ کی نشست کےلیے نگہت مرزا امیدوار ہیں، وہ پہلے بھی دو بار سینیٹ میں ایم کیو ایم کی نمائندگی کر چکی ہیں۔
علی خورشیدی کا کہنا تھا کہ شہری سندھ کی نمائندہ جماعت کے طور پر ہم نے الیکشن میں حصہ لینے کا فیصلہ کیا، شہری سندھ کی آبادی پیپلز پارٹی کی حکومت سے نالاں ہے۔
انہوں نے کہا کہ 17 سال سے پیپلز پارٹی اقتدار میں ہے، ووٹرز اور سپورٹرز پیپلز پارٹی سے شدید ناراض ہیں۔
متحدہ قومی موومنٹ پاکستان کے رہنما کا مزید کہنا تھا کہ کراچی میں تعلیم اور صحت کی سہولتیں نہیں ہیں۔
علی خورشیدی نے یہ بھی کہا کہ کراچی کے عوام کو پانی کی بوند بوند کےلیے ترسایا جا رہا ہے، شہر میں پانی کی تقسیم بھی پسند اور ناپسند پر کی جا رہی ہے۔