• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

آپریشن بنیان مرصوص بھارت پر کاری وار، پاکستان نے بھارتی ایئربیسز، براہموس اسٹوریج سائٹ اور S400 نظام تباہ کردیا

کراچی (نیوز ڈیسک) پاکستان کی مسلح افواج نے بھارت کے مسلسل جارحانہ اقدامات کا منہ توڑ جواب آپریشن ’’ بُنْيَانٌ مَّرْصُوْص‘‘ سے دے دیا ، پاکستان نے بھارتی فوجی اڈے، ائیر فیلڈز ، براہموس اسٹوریج سائٹ اور ایس 400نظام تباہ کردیا ، بھارت پر فتح ون میزائل فائر کرکے آپریشن کا آغاز کیا گیا جس نے انڈیا کو ہلا کر رکھ دیا، بھارت میں 10سے زائد اہداف کو نشانہ بنایا گیا، سکیورٹی ذرائع کا کہنا ہے کہ آدم پور، ادھم پور، بھٹنڈا، سورت گڑھ، مامون، اکھنور، جموں، سرسہ اور برنالہ کی ایئر بیسز اورائیر فیلڈز کو تباہ کردیا گیا ،بھارتی اڑی فیلڈ سپلائی ڈپو اور ہلوارا ایئر فیلڈ بھی تباہ کر دی گئی،سکیورٹی ذرائع کے مطابق ان تمام بیسز سے جہاں سے پاکستان کے عوام، مساجد و دیگر مقامات پر حملے کئے گئے تھے، ان کو ٹارگٹ کیا گیا، سکیورٹی ذرائع کے مطابق پاکستان کے جے ایف 17 تھنڈر نے ہائپر سونک میزائلوں سے آدم پور میں بھارت کا دفاعی نظام S-400 سسٹم تباہ کردیا، ایس 400 ایئر ڈیفنس سسٹم کی مالیت لگ بھگ ڈیڑھ ارب ڈالر ہے، پاکستان میں دہشت گردی کروانے والا راجوڑی میں بھارتی ملٹری انٹیلی جنس کا تربیتی مرکز بھی تباہ کردیا گیا، سکیورٹی ذرائع کے مطابق پاکستان نے بیاس کے علاقے میں براہموس اسٹوریج سائٹ تباہ کر دی۔ سکیورٹی ذرائع کا کہنا ہے کہ پاک فوج نے بھارتی فوج کا سیٹلائٹ جام کردیا، پاک فضائیہ کی کارروائی کے بعد بھارتی فوجی سیٹلائٹ نے کام چھوڑ دیا۔ سکیورٹی ذرائع کا کہنا ہے کہ پاکستانی فتح میزائل کی لانچ شہید پاکستانی بچوں کے نام کردی گئی، پاکستان ان معصوم بچوں کی شہادت کو بھولا ہے نہ کبھی بھولے گا، یہ پاکستانی معصوم بچے بھارت کی پاکستان میں جارحیت میں شہید کئےگئے تھے۔بھارتی فوج کے مطابق پاکستان نے 26 مقامات پر فضائی دراندازیاں کرنے کی کوشش کی۔بھارتی فوج کا کہنا ہے کہ پاکستان نے پنجاب میں فضائی اڈے کو نشانہ بنانے کے لیے تیز رفتار میزائل کا استعمال کیا۔اعترافی بیان میں بھارتی فوج نے کہا کہ بھارتی فوجی اڈوں پر ساز و سامان اور عملے کو نقصان پہنچا ہے۔بھارتی محکمۂ خارجہ اور محکمۂ دفاع نے مشترکاء بریفنگ میں بتایا کہ پاکستان نے پنجاب میں فضائی اڈوں کو نشانہ بنانے کے لئے تیز رفتار میزائل کا استعمال کیا۔انہوں نے کہا کہ پاکستان نے اُدھم پور، بھوج، بھٹنڈا اور پٹھان کوٹ میں بھارتی ایئرفورس بیسز کو نشانہ بنایا۔سرسہ ایئر فیلڈ کی تباہی کی تصدیق انڈین میڈیا نے خود کردی، بھارتی میڈیا نے پٹھان کوٹ، پونچھ اور جموں ایئر بیسز پر پاکستانی حملوں کا اعتراف کر لیا۔ بھارتی فوج نے ائیر بیسز اور ائیر فیلڈز کی تباہی کی تردید کی ہے ۔ مقبوضہ کشمیر کے علاقے نوشہرہ میں بھارتی ملٹری انٹیلی جنس کا تربیتی مرکز تباہ کردیا گیا، تباہ کیا گیا بھارتی ملٹری انٹیلی جنس کا تربیتی مرکز پاکستان میں دہشت گردی کروا رہا تھا۔ایل او سی پر ربتانوالی پوسٹ، ڈنہ پوسٹ، خواجہ بھیک کمپلیکس اور رنگ کنٹوئر بالمقابل سنکھ، کافر مہری، شاہپر 3 اور غدر ٹاپ کو مکمل تباہ کر دیا گیا، افواج پاکستان کی توپوں نے بھارتی توپوں کو خاموش کروا دیا۔

اہم خبریں سے مزید