• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پاکستان کیساتھ صرف دہشت گردی اور آزاد کشمیر پر بات ہوگی، مودی

کراچی (نیوز ڈیسک) بھارتی وزیراعظم نریندر مودی نے ایک بار پھر بڑھک ماری ہے کہ دہشت گردی اور مذاکرات ایک ساتھ نہیں ہوسکتے ، ایٹمی بلیک میلنگ میں نہیں آؤں گا، پانی اور خون ایک ساتھ نہیں بہہ سکتے، پاکستان کے ساتھ صرف دہشت گردی اور آزاد کشمیر پر بات ہوگی ، حملے کا فوری جوان اب ’نیو نارمل‘ ہے ۔ تفصیلات کے مطابق بھارت کے وزیراعظم نریندر مودی نے قوم سے خطاب کیا لیکن وہ آف کلر نظر آئے۔ نریندر مودی نے اپنی تقریر میں پہلگام واقعے کو ظلم قرار دیا اور پاکستان پر روایتی الزامات کو دہرایا۔ انہوں نے کہا کہ نیو نارمل یہ ہے کہ بھارت خود پر حملے کا فوری جواب دے گا، پانی اور خون ساتھ نہیں بہہ سکتے، تجارت، مذاکرات اور دہشتگردی ساتھ ساتھ نہیں چل سکتے۔ ان کا کہنا تھاکہ اگر پاکستان سے مذاکرات ہوئے تو دہشت گردی کے خاتمے پر ہوں گے اور اور کشمیر پر بات ہوگی تو وہ آزاد جموں و کشمیر پر ہوگی۔ مودی کا کہنا ہے کہ آپریشن سندور نے دہشتگردی کے خلاف لڑائی میں ایک نئی لکیر کھینچ دی ہے۔ان کا کہنا تھا کہ پہلے تین دنوں میں ہی ’انڈیا نے پاکستان کو اتنا تباہ کر دیا جس کا اسے اندازہ نہیں تھا۔ انڈیا کی کارروائی کے بعد پاکستان بچنے کے راستے ڈھونڈنے لگا۔ پاکستان دنیا بھر میں تناؤ میں کمی کا مطالبہ کر رہا تھا۔ اور پوری طرح پٹنے کے بعد اسی مجبوری میں 10 مئی کی دوپہر کو پاکستانی فوج نے ہمارے ڈی جی ایم او سے رابطہ کیا۔

اہم خبریں سے مزید