گورنر خیبر پختون خوا فیصل کریم کنڈی نے کہا ہے کہ صوبے میں علی بابا چالیس چوروں کی حکومت ہے، اربوں کے اسکینڈل سامنے آ رہے ہیں۔
پشاور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے گورنر فیصل کریم کنڈی کا کہنا ہے کہ اگر ان کی جگہ کوئی اور پارٹی کرپشن کرتی تو گرفتاریاں ہو چکی ہوتیں، پی ٹی آئی کی حکومت کی کرپشن کے سہولت کار اسلام آباد میں بیٹھے ہیں۔
فیصل کریم کنڈی نے کہا کہ صوبے کا 12 سال کا بجٹ کرپشن میں چلا گیا، خیبر پختون خوا حکومت میں جو بھی کرپٹ ہے اسے فوری گرفتار کیا جائے، اگر گورنر کے پاس اختیار ہوتا تو اب تک ان کو الٹا لٹکا چکا ہوتا۔
گورنر کے پی نے کہا کہ ریاست نے وعدہ کیا تھا کہ ضم اضلاع میں 100 ارب روپے خرچ کیے جائیں گے، مگر 6 سے 7 ارب روپے ملتے ہیں، چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو دنیا میں پاکستان کا مقدمہ لے کر جا رہے ہیں۔
اس سے قبل گورنر خیبر پختون خوا فیصل کریم کنڈی نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ملک میں نئے شہر آباد ہونے چاہئیں، نئے شہروں کو آباد کرنا حکومت کا کام ہے۔
انہوں نے یہ بھی کہا کہ ہمارے صوبے میں سرمایہ کاری کرنے والوں کو خوش آمدید کہتا ہوں، پشاور میں زمین ختم ہو چکی ہے، ہائی رائزنگ فلیٹس بننے چاہئیں۔