• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

فتنہ الہندوستان اور خوارج کا گٹھ جوڑ، بھارت کا پوری دنیا میں منہ کالا کردیا، وہ بلوچستان کی ترقی کا دشمن، پاکستان

اسلام آباد (نما ئندہ جنگ، ایجنسیاں) پاکستان نے کہا ہے کہ فتنہ الہندوستان اور خوارج کا گٹھ جوڑ واضح ہے، بھارت کا پوری دنیا میں منہ کالا کر دیا،وہ بلوچستان کی ترقی کا دشمن ہے، بھارت کی20 سالہ دہشت گردی کی تفصیلات پیش کر دیں، کلبھوشن اور گرفتار دہشت گردوں کے اعترافی بیانات موجود ہیں،2009اور 2016میں اقوام متحدہ کو بھی شواہد دے چکے،خضدار حملے میں فنتہ الہندوستان ملوث ہے، ماہ رنگ اور بی وائی سی دہشت گردوں کی پراکسی ہے، لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف نے کہا بھارت دہشت گردوں کو فنڈز فراہم کرتا ہے،مکتی باہنی کا قیام، سقوط ڈھاکہ اس کی مثالیں واضح ہیں، سیکرٹری داخلہ خرم آغا نے کہا پاکستان میں دہشت گرد واقعات کو بھارتی میڈیا نے ایسے رپورٹ کیا جیسے بہت اچھی چیز ہو۔ دوسری جانب اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل نے بلوچستان کے علاقے خضدار میں اسکول بس پر ہونے والے دہشت گرد حملے کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ تمام ریاستیں پاکستان سے تعاون کریں، دہشت گردی کے منصوبہ سازوں اور سرپرستوں کو کٹہرے میں لایا جائے۔ تفصیلات کے مطابق جمعہ کو ڈی جی آئی ایس پی آر لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چوہدری نے وفاقی سیکرٹری داخلہ محمد خرم آغا کے ہمراہ اسلام آباد میں مشترکہ پریس کانفرنس کرتے ہوئئے خطے کی سیکورٹی صورتحال، بھارتی اقدامات اور حالیہ دہشت گردی کے واقعات پر تفصیلی گفتگو کی گئی۔ پاک فوج کے ترجمان لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چوہدری نے کہا ہے کہ خضدار واقعے میں فتنۃ الہندوستان ملوث ہے، فتنۃ الہندوستان نے خضدار میں دہشت گردی اور بھارتی پشت پناہی کا اعتراف کیا، فتنۃ الہندوستان کا بلوچستان سے کوئی تعلق نہیں، یہ درندے ہندوستان کے پیسے پر بربریت کر رہے ہیں، بلوچ بھی پوچھتے ہیں، دہشت گردی کا بلوچستان سے کیا تعلق ہے؟ اس موقع پر وفاقی سیکرٹری داخلہ خرم آغا نے کہا کہ انڈیا نے دہشت گرد پراکسیز کو بلوچستان میں دہشت گردی کا حکم دیا ہے۔ڈی جی آئی ایس پی آر لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف کا کہنا تھا کہ مسلح افواج سینہ ٹھوک کر دہشت گردوں کے سامنے کھڑی ہیں۔ وفاقی سیکرٹری داخلہ خرم آغا نے مزید کہا کہ ابتدائی تحقیقات کے مطابق خضدار حملے میں فتنہ الہندوستان ملوث ہے، دہشت گردوں کو خضدار حملے کے خطرناک نتائج بھگتنا ہونگے۔انکا کہنا تھا کہ خضدار میں دہشت گردوں نے بزدلانہ حملے میں اسکول کے بچوں کو نشانہ بنایا جس میں 6 بچے شہید ہوئے، یہ دہشت گرد حملہ اسکول بس پر نہیں ہماری اقدار پر تھا، بھارت بلوچستان میں بدامنی پھیلانا چاہتا ہے۔

اہم خبریں سے مزید