• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

زندہ قومیں اپنے محسنوں اور ان کے کارناموں کوتاریخ کے ان یادگار لمحات میں ہمیشہ کیلئےمحفوظ کرلیتی ہیں،جن پر آنے والی نسلیں فخر کرتی اور بوقت ضرورت ان سے رہنمائی لیتی ہیں ۔ جمعرات22؍مئی2025ءکی شام ایوان صدر اسلام آباد میں صدر مملکت آصف علی زرداری کی سربراہی میںشاندار قومی تقریب منعقد کی گئی ،جو اس بات کی مظہر تھی کہ دوروز قبل وزیراعظم شہباز شریف کی قیادت میں وفاقی کابینہ نےقوم کے مایہ نازسپوت جنرل سید عاصم منیرکو فیلڈ مارشل کا اعزازعطا کرنے کا جوفیصلہ کیا تھا،اسےشاندار طریقے سے پر وقار تقریب میںعملی جامہ پہنایا گیا ۔ وفاقی کابینہ کے ارکان،حکومت کی کلیدی جماعت مسلم لیگ ن کے سربراہ اور سابق وزیراعظم نواز شریف،سروسز چیفس،صوبائی گورنرز،وزرائے اعلیٰ،چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری،اراکین پارلیمنٹ،غیرملکی سفارت کاراور سول و عسکری حکام اس پروقار موقع پر موجود تھے۔ناظم اسٹیج کی دعوت پر صدر آصف علی زرداری اور وزیراعظم شہباز شریف نے وہاں آکر آرمی چیف جنرل عاصم منیر کو بیٹن آف فیلڈ مارشل سے نوازا۔صدر مملکت آصف زرداری نے اپنے خطاب میں ملک کے24کروڑ عوام کے جذبات کی ترجمانی کرتے ہوئے کہا کہ معرکہ حق کے دوران فیلڈمارشل عاصم منیرنے افواج پاکستان کی جس طرح قیادت کی،اس پر ملک وقوم کا سر فخرسے بلند ہے۔صدر مملکت کا کہنا تھا کہ پاکستان امن کا داعی ہے لیکن اس خواہش کو کمزوری نہ سمجھا جائے،ہماری افواج وطن کے چپے چپے کا دفاع کرنا جانتی ہیں۔انہوں نے کہا کہ سپہ سالارجنرل عاصم منیر کوفیلڈ مارشل کا اعزاز عطا کرنا میرے لیےقابل فخر لمحہ ہے۔وزیراعظم شہباز شریف کا اپنے خطاب میں کہنا تھا کہ قوم کے بہارد سپوت فیلڈمارشل سید عاصم منیر نے شجاعت کی نئی تاریخ رقم کرتے ہوئے دشمن کا غرور خاک میں ملایا،ان کی آواز میں بلا کا اعتماد ،جوش اور ولولہ پایا جاتا ہے ،پاکستان نے روایتی جنگ میں بھارت پر اپنی برتری ثابت کردی ہےاورمودی حکومت اب پاکستان پر حملہ کرنے سے پہلے سو بارسوچےگی۔وزیراعظم نے اپنی حکومت کے اس عزم کو دہرایا کہ ہم امن، ترقی اور خوشحالی کیلئے اسی جذبے کے ساتھ آگے بڑھتے رہیں گے۔ملک کی مسلح افواج نے بھارت کا تکبر اور غرور خاک میں ملاکر تاریخی فتح حاصل کی ہے۔وزیراعظم نے کہا کہ یہ انتہائی نمایاں کامیابی فیلڈ مارشل عاصم منیر کی دلیرانہ اور بے خوف قیادت کا مظہر ہے،جو ان کی بہادری،پیشہ ورانہ نظم وضبط ،یقین،دور اندیشی اور عزم کی عمدہ مثال ہے۔بلا شبہ،قوم وزیراعظم کے ان الفاظ کو انتہائی قدر کی نگاہ سے دیکھتی ہے۔خیال رہے کہ جنرل عاصم منیرپاکستان میںفیلڈ مارشل بنائے جانے والے دوسرے سپہ سالار ہیں،قبل ازیں یہ عہدہ صدر ایوب خان کو1959میں ملا تھا۔فیلڈ مارشل کا عہدہ پاکستان سمیت بہت سی مسلح افواج میں اعلیٰ ترین فوجی اعزاز سمجھا جاتا ہے۔یہ اعزاز فوج میں غیرمعمولی خدمات انجام دینے والے فور اسٹار جنرل کو پانچ ستارے لگائے جانےکی صورت میںعطا ہوتا ہے۔ بھارت نے22اپریل کے بعد جس طرح پاکستان کے خلاف اشتعال انگیزکارروائیاں کیں،انہیں صبروتحمل سے برداشت کرنا پاکستانی فوجی قیادت کا خاصا ہے۔ رات کی تاریکی میں بچوں اورخواتین سمیت شہریوں پرعیاردشمن کی طرف سےگولہ باری کو صبروتحمل سے برداشت کرنا آسان کام نہیںتھا،لیکن 10مئی کو صرف چار گھنٹے کی مختصر جنگ میں پاکستان نے پانسہ پلٹتے ہوئےبھارت کو گھٹنے ٹیکنے پر مجبور کردیا ،قوم فیلڈمارشل عاصم منیر کی قیادت میںپاک فوج،بالخصوص فضائیہ کو سلام پیش کرتی ہے۔سپہ سالار جنرل سیدعاصم منیر کا فیلڈ مارشل کا عہدہ پاناخود، ان کے بقول قوم کا اعزاز ہے۔

تازہ ترین