• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پنجاب کنٹرول آف غنڈہ ایکٹ 2025 کا مسودہ تیار

پنجاب کنٹرول آف غنڈہ ایکٹ 2025 کا مسودہ تیار کرلیا گیا۔

محکمہ داخلہ پنجاب کے ترجمان کے مطابق اس ایکٹ میں غنڈوں اور بدمعاشوں کی قانونی شناخت واضح کی گئی ہے، ڈسٹرکٹ انٹیلیجنس کمیٹی کو ملزم کو غنڈہ قرار دینے کا اختیار ہوگا۔

ترجمان کے مطابق منشیات فروشی، جوئے، بھتہ خوری، سائبر کرائم، ہراسانی، جعلی سرکاری عہدیدار، سوشل میڈیا پر اسلحے کی نمائش، جعلی دستاویزات استعمال کرنے والے شخص کو غنڈہ قرار دیا جائے گا۔

ترجمان کا کہنا ہے کہ پولیس، انتظامیہ اور حساس اداروں کی رپورٹ یا تحریری شکایت پر عمل ہوگا۔ غنڈے اور بدمعاش شخص کو نو فلائی لسٹ میں رکھا جاسکتا ہے۔

ترجمان کے مطابق غنڈے اور بدمعاش کا شناختی کارڈ اور پاسپورٹ بلاک کیا جاسکتا ہے۔

غنڈہ قرار دیے گئے شخص کے بینک اکاؤنٹس منجمد اور اسلحہ لائسنس بھی کینسل کیے جاسکتے ہیں۔

ترجمان کے مطابق متاثرہ شخص ڈویژنل، صوبائی یا اپیل کمیٹیوں میں نظرثانی اپیل دائر کرسکتا ہے، ریٹائرڈ ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج کی سربراہی میں قائم ٹربیونل اپیل پر سماعت کرے گا، ڈسٹرکٹ انٹیلیجنس کمیٹی کے احکامات کی خلاف ورزی پر 3 سے 5 سال قید، 15 لاکھ تک جرمانہ ہوگا، جرم دہرانے والے مجرمان کو 7 سال تک قید اور 20 لاکھ روپے تک کا جرمانہ ہوگا۔

قومی خبریں سے مزید