نیپال میں "وائلڈ کارڈ انٹری" کے ذریعے گینڈا شادی میں آ گھسا، ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی۔
جنگلی جانوروں کو عام طور پر قدرتی پارکوں یا دستاویزی فلموں میں دیکھا جاتا ہے، لیکن نیپال کے چتوان نیشنل پارک کے قریب ہونے والی ایک شادی کی تقریب میں ایک جنگلی گینڈے کی اچانک آمد نے سب کو حیران کر دیا اور یہ لمحہ سوشل میڈیا پر تہلکہ مچا رہا ہے۔
وائرل ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ ایک گینڈا انتہائی اطمینان سے شادی کے پنڈال میں داخل ہوتا ہے، جیسے وہ بھی دعوت نامہ لے کر آیا ہو، مہمان حیران و پریشان ہو کر پیچھے ہٹتے ہیں، لیکن گینڈا بغیر کسی ہنگامے کے پنڈال میں آگے بڑھتا ہے، گویا کسی کو ڈھونڈ رہا ہو شاید دولہا دلہن کو؟
ویڈیو میں گینڈا شادی کے خوش آمدید بورڈ کے نیچے سے گزرتا ہے، جیسے واقعی کسی نے اسے مدعو کیا ہو۔
اسی واقعے کو Only in Nepal یعنی یہ صرف نیپال میں ہو سکتا ہے قرار دیا گیا۔
سوشل میڈیا پر صارفین کا کہنا ہے کہ نیپال میں شادی ہو اور چتوان قریب ہو تو کچھ بھی ہو سکتا ہے، ایک اور نے کہا کہ یہ ہوئی نا بات وائلڈیسٹ ویڈنگ ایور، یہ گینڈا یقیناً دعوت کھانے آیا ہوگا۔