• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

بھارت کا بندوبست کررہے ہیں، سندھ طاس معاہدے کی خلاف ورزی روکیں گے، انڈیا سنجیدہ ہے تو تمام مسائل پر بات چیت کیلئے تیار ہیں، وزیراعظم

اسلام آباد(نمائندہ جنگ/مانیٹرنگ ڈیسک ) آذربائیجان کے صدر الہام علیوف نے پاکستان میں 2 ارب ڈالر کی سرمایہ کاری کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان ‘ترکیہ اور آذربائیجان کے درمیان دفاعی شعبے میں تعاون کے وسیع امکانات ہیں ‘ترکیہ کے صدر رجب طیب اردوان کاکہنا ہے کہ پاکستان اور بھارت کے درمیان سیز فائر باعث اطمینان ہے‘امیدہے یہ مستقل امن میں بدل جائے گا ‘ترکیہ، آذربائیجان اور پاکستان تین ملک اور ایک قوم ہیں جبکہ وزیراعظم محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ پاکستان‘ ترکیہ اور آذربائیجان امن و انصاف کیلئے شانہ بشانہ کھڑے ہیں‘ترکیہ اور آذربائیجان پاکستان کے عسکری بھائی ہیں جو ہمارے ساتھ ناقابل تسخیر چٹانوں کی طرح کھڑے رہے‘ ہم مکمل بندوبست کررہے ہیں کہ بھارت سندھ طاس معاہدے کی خلاف ورزی نہ کرسکے‘بھارت پاکستان کا پانی روکنے میں کبھی کامیاب نہیں ہو پائے گا‘یہ کبھی بھی ممکن نہیں اور نہ ہی ہو گا‘ہم امن کے خواہاں ہیں ‘انڈیا اگر سنجیدہ ہے تو تجارت کے فروغ اور انسداد دہشت گردی سمیت تمام ضروری مسائل پر مذاکرات کیلئے تیار ہے۔ بدھ کو لاچین میں پاکستان، ترکیہ اور آذربائیجان سہ فریقی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ ہم ایک دوسرے کے شانہ بشانہ کھڑے ہیں، چاہے یہ کاراباخ، کشمیر اور شمالی ترکیہ قبرص کا مسئلہ ہو‘ ہماری یکجہتی اور باہمی احترام ہماری طاقت ہے‘ہم پرامید ہیں کہ صبر و تحمل اور دانشمندی سے امن و خوشحالی آئے گی۔وزیراعظم نے کہا کہ حالیہ پاک بھارت تنازعہ سنگین تھا، بھارت نے پاکستان کے خلاف بلاجواز جارحیت کی اور پاکستان پر حملہ کیا، ترکیہ کے صدر رجب طیب اردوان اور آذربائیجان کے صدر الہام علیوف نے پاکستان عوام کے ساتھ بھرپور یکجہتی اور غیر متزلزل حمایت کا مظاہرہ کیا جو کہ قابل تعریف ہے‘فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے بہادری سے مقابلہ کیا اور اعلیٰ ترین پیشہ وارانہ مہارت کا مظاہرہ کیا‘اﷲ تعالیٰ کے فضل سے ہم نے فتح حاصل کی‘ہم خطے میں امن چاہتے ہیں اور ہمیشہ امن کے خواہاں رہیں گے، اس کیلئے مذاکرات ضروری ہیں‘بدقسمتی سے بھارت نے سندھ طاس معاہدہ کو ہتھیار کے طور پر استعمال کرنا شروع کر دیا ہے، یہ پاکستانی عوام کیلئے زندگی کا معاملہ ہے‘یہ بدقسمتی ہے کہ بھارت ہمارے دریاؤں میں بہنے والے پانی کو روکنے کی دھمکی دے رہا ہے، یہ کبھی بھی ممکن نہیں اور نہ ہی ہو گا، ہم اس بات کو یقینی بنانے کیلئے اقدامات کر رہے ہیں کہ بھارت کبھی ایسا نہیں کر سکے گا‘اگر بھارت مخلص ہو کر انسداد دہشت گردی پر بات کرنا چاہتا ہے تو پاکستان بھارت سے اس معاملہ پر بھی بات چیت کیلئے تیار ہے۔علاوہ ازیں آذربائیجان کے یوم آزادی کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے شہبازشریف کا کہناتھاکہ پاکستان‘ ترکیہ اور آذر بائیجان یک جان اور تین قالب ہیں‘پاکستان نے اپنے سے کئی گنا بڑے دشمن کو چند لمحوں میں شکست دی‘مسئلہ کشمیر اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قرار دادوں کے مطابق حل کیا جائے، غزہ میں فوری جنگ بندی اور فلسطینیوں پر مظالم بند کئے جائیں ۔ کشمیریوں کو جلد آزادی ملے گی اور وہ غلامی سے آزاد ہوں گے۔ غزہ میں خواتین اور بچوں سمیت 52 ہزار سے زائد فلسطینی شہید ہو چکے ہیں، مہذب دنیا اس تباہی پر کب جاگے گی۔غزہ کی گلیوں میں خون بہہ رہا ہے، اس بربریت پر سب کو کھڑا ہونا پڑے گا۔

اہم خبریں سے مزید