کوئٹہ(اسٹاف رپورٹر) اسرائیل بے گناہ فلسطینیوں کی نسل کشی کررہا ہے اس پر عالمی طاقتوں ، انسانی حقوق کی تنظیموں اور اسلامی ممالک نے خاموشی قابل مذمت ہے، پاکستان کے حکمران فوری طور فلسطین کے عوام کو اسرائیلی مظالم سے نجات دلانے کیلئے آواز بلند کریں، تاجر اور عوام اسرائیلی مصنوعات کا مکمل بائیکاٹ کریں ۔یہ بات مقررین نے خلجی قومی اتحاد انٹرنیشنل کے زیراہتمام جلسہ سے خطاب کرتے ہوئے کہی، قبل ازیں خلجی قومی اتحاد انٹرنیشنل کے سربراہ نواب سلمان خلجی کی قیادت میں اتحاد کے مرکزی سیکرٹریٹ سے اسرائیل مردہ باد ریلی نکالی گئی جو مختلف شاہراہوں سے ہوتی ہوئی کوئٹہ پریس کلب پہنچ کر جلسے کی شکل اختیار کرگئی ، اس موقع پر ریلی کے شرکاء نے بینر اور پلے کارڈ اٹھا رکھے تھے اور اسرائیلی مظالم کے خلاف و فلسطینی عوام کے حق میں نعرے بازی کررہے تھے ۔ ریلی کے شرکاء سے خلجی قومی اتحاد انٹرنیشنل کے سربراہ نواب سلمان خلجی ، صالح محمد نورزئی ، سردار زین العابدین خلجی ، جسبیر سنگھ ، پادری سائمن بشیر ، روزینہ خلجی ، سلام خلجی ، عنایت لالا ، عید محمد ، عباس درانی ، صدو خان خلجی ، اورنگ شاہ اور دیگر نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ غزہ کے مسلمانوں کی نسل کشی آخری حدوں کو پار کرچکی ہے ، دنیا بھر کے 2 ارب مسلمان اور درجنوں مسلم ریاستیں اس ظلم کے خلاف عملی اقدام اٹھانے سے گریزاں ہیں ۔ جلسے کے اختتام پراسرائیلی وزیراعظم کا پتلا اور اسرائیلی جھنڈا نذر آتش کیا گیا ۔