کراچی (نیوز ڈیسک) پاکستان کی طبی برادری کی فلسطینی عوام کے ساتھ اظہارِ یکجہتی کیلئے غزہ یکجہتی واک ، مسیحاؤں کا غزہ میں طبی امداد کی فوری بحالی کا مطالبہ، پاکستان اسلامک میڈیکل ایسوسی ایشن (پیما) کے زیر اہتمام کراچی سمیت ملک بھر کے ہیلتھ کیئر پروفیشنلز کی جانب سے یومِ یکجہتی غزہ منایا گیا، اس موقع پر کراچی سمیت ملک کے مختلف شہروں میں غزہ کے مظلوم عوام سے اظہارِ یکجہتی کے لئے واکس اور اجتماعات کا انعقاد کیا گیا ہے،کراچی میں "غزہ یکجہتی واک" نجم الدین آڈیٹوریم، جناح پوسٹ گریجویٹ میڈیکل سینٹر سے دوپہر 12 بجے شروع ہوئی-جس میں 17سے زائد ڈاکٹرز تنظیموں اور رفاہی اداروں نے بھرپور شرکت کی جن میں الخدمت فاؤنڈیشن، پاکستان میڈیکل ایسوسی ایشن، پاکستان ڈینٹل ایسوسی ایشن ، پاکستان کارڈیک سوسائٹی ، پاکستان ہائیپرٹینشن لیگ، امامیہ میڈکس انٹرنیشنل اور دیگر نمایاں تنظیمیں شامل تھیں، واک کے دوران ایک علامتی "یکجہتی دیوار بھی نصب کی گئی، جس پر شرکاء نے غزہ کے عوام کے نام جذباتی پیغامات تحریر کیے، تقریب سے کلیدی مقررین نے خطاب کیا ۔