غزہ (اے ایف پی، جنگ نیوز) اسرائیلی فوجیوں نے ایک بار پھر امداد ی مرکز کے قریب امداد کے متلاشی فلسطینیوں پر قیامت ڈھا دی، حالیہ واقعہ رفح میں امریکی امدادی مرکز کے قریب پیش آیا جہاں امداد کیلئے جمع ہزاروں فلسطینیوں پر ڈرون سے گولیاں اور ٹینکوں سے شیلنگ کی گئی،غزہ میں محکمہ شہری دفاع کے ترجمان محمد باصل نے بتایا کہ واقعے میں 31فلسطینی شہید اور 176افراد زخمی ہوگئے،اقوام متحدہ کے امدادی ادارے اونراکے سربراہ فلپ لازارینی سربراہ کا کہنا ہے کہ غزہ میں امداد کی تقسیم موت کا جال بن چکی ہے، حماس نے اسرائیلی فوج کے سنگین حملے کی شدید مذمت کی ہے،غزہ کی وزارت صحت کا کہنا ہے کہ اسرائیلی فوج امداد کی تقسیم کے نئے طریقہ کار کو بڑے پیمانے پر ہلاکتوں اور غزہ کے باشندوں کی جبری بے دخلی کے ایک آلے کے طور پر استعمال کر رہی ہے، سعودی وزیرخارجہ فیصل بن فرحان السعود نے کہا ہے کہ عرب وزراء خارجہ کے وفد کو مقبوضہ مغربی کنارے میں داخلے سے روکنا اسرائیلی شدت پسندی کو ظاہر کرتا ہے، انہوں نے یہ بیان اردن، مصر اور بحرین کے وزراء خارجہ کیساتھ عمان میں مشترکہ پریس کانفرنس میں کیا۔