• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

شہباز، سعودی ولی عہد ملاقات، اسٹریٹجک شراکت داری مزید بلند کرنے پر اتفاق، محمد بن سلمان گاڑی خود چلا کر منیٰ پیلس ظہرانے میں لے گئے

اسلام آ باد (نمائندہ جنگ) وزیراعظم شہباز شریف اور سعودی ولی عہد محمد بن سلمان کی ملاقات ہوئی، سعود ی ولی عہد محمد بن سلمان نے اسلامی جمہوریہ پاکستان کے وزیر اعظم کا پرتپاک استقبال کیا، محمدبن سلمان گاڑی خود چلا کر منیٰ پیلس ظہرانے میں لے گئے، ملاقات میں دونوں رہنماؤں نے ایک دوسرے کو عیدالاضحی کی مبارکباد دی، ملاقات میں اسٹرٹیجک شراکت داری کو مزید بلند کرنے پر اتفاق، دو طرفہ امور، بھارت سے جنگ اور مختلف شعبوں میں تعاون پر گفتگو ہوئی، وزیراعظم نے سفارتی محاذ پر پاکستان کی حمایت کیلئے شکریہ ادا کیا، دونوں رہنماؤں نے غزہ کی سنگین انسانی صورتحال پر بھی تفصیلی بات چیت کی، وزیراعظم نے کہا جنوبی ایشیا میں پائیدار امن صرف بات چیت کے ذریعے ہی ممکن ہے،سعودی ولی عہد نے دورہ پاکستان کی دعوت قبول کر لی، قبل ازیں وزیراعظم شہباز شریف اور آرمی چیف عاصم منیر نے عمرہ کی سعادت حاصل کی، پاکستانی وفد کیلئے خانہ کعبہ کا دروازہ خصوصی طور پر کھولا گیا،وزیراعظم اور آرمی چیف نے وفد کے ہمراہ خانہ کعبہ میں نوافل ادا کیے اور بنیان مرصوص کی عظیم فتح پر اللہ تعالیٰ کا شکر ادا کیا۔ تفصیلات کے مطابق وزیرِ اعظم شہباز شریف نے دو روزہ دورئہ سعودی عرب کے دوران شاہی دیوان میں ولی عہد و وزیرِ اعظم سعودی عرب شہزادہ محمد بن سلمان بن عبدالعزیز آل سعود کی جانب سے دئیے گئے خصوصی ظہرانے میں بطور مہمانِ خاص شرکت کی۔ اس موقع پر دونوں رہنماؤں کے مابین غیر رسمی گفتگو ہوئی۔ ظہرانے میں مشرق وسطی کے اہم رہنماؤں سمیت سعودی کابینہ کے ارکان اور اعلی سعودی سول و عسکری قیادت شریک تھے۔وزیرِ اعظم کا سعودی ولی عہد کی جانب سے شاندار استقبال اور ظہرانے میں بطور مہمان خاص شرکت پاکستان و سعودی عرب کے دیرینہ برادرانہ تعلقات اور وزیرِ اعظم کی قیادت میں پاکستان کی سفارتی کامیابیوں کا مظہر ہے۔ نائب وزیر اعظم اور وزیر خارجہ اسحاق ڈار، چیف آف آرمی اسٹاف فیلڈمارشل سید عاصم منیر، وزیر داخلہ محسن نقوی اور وزیر اطلاعات و نشریات عطا ء اللہ تارڑ نے بھی ظہرانہ میں شرکت کی۔ بعدازاں وزیراعظم شہبازشریف کی جمعہ کے روز مکہ المکرمہ میں ولی عہد اور سعودی مملکت کے وزیراعظم شہزادہ محمد بن سلمان بن عبدالعزیز سے ملاقات ہوئی۔ دونوں رہنماؤں نے قیادت کے مشترکہ وژن اور دونوں ممالک کے برادر عوام کی امنگوں کے مطابق اس اسٹریٹجک شراکت داری کو مزید بلند کرنے پر اتفاق کیا۔ دونوں رہنماؤں نے پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان کثیرالجہتی تعلقات کو مزید گہرا کرنے کے لیے اپنے باہمی عزم کا اعادہ کیا۔پاکستان کی حکومت اور عوام کی جانب سے وزیر اعظم شہباز شریف نے شاہ سلمان بن عبدالعزیز اور ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کو عید کی مبارکباد پیش کی اور دنیا بھر سے حج کی ادائیگی کیلئے سعودی عرب میں موجود عازمین کے لیے مملکت کی مہمان نوازی اور خدمات کو سراہا۔ وزیراعظم نے پاکستان اور بھارت کے درمیان حالیہ کشیدگی کے دوران مملکت کے فعال کردار اور خطے اور اس سے باہر امن و استحکام کو فروغ دینے کیلئے انکے پختہ عزم کو سراہا۔ انہوں نے بھارتی جارحیت کے پیش نظر پاکستان کی ذمہ دارانہ تحمل کی پالیسی پر زور دیتے ہوئے اس بات پر زور دیا کہ جنوبی ایشیا میں پائیدار امن صرف بات چیت کے ذریعے ہی ممکن ہے۔ دونوں رہنماؤں نے غزہ کی سنگین انسانی صورتحال پر بھی تفصیلی بات چیت کی۔ انہوں نے بین الاقوامی برادری پر اپنی اخلاقی اور قانونی ذمہ داریوں کو پورا کرنے پر زور دیا اور مسئلہ فلسطین کے منصفانہ اور پائیدار حل کیلئے اپنی غیر متزلزل حمایت کا اعادہ کیا جو عرب امن اقدام اور اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی متعلقہ قراردادوں پر مبنی ہے۔ وزیر اعظم شہباز شریف نے سیاسی، اقتصادی اور سیکورٹی کے شعبوں میں دوطرفہ تعاون کی بڑھتی ہوئی رفتار پر اطمینان کا اظہار کیا۔وزیر اعظم شہباز شریف نے ولی عہد شہزادہ کو جلد از جلد پاکستان کا سرکاری دورہ کرنے کی پرزور دعوت دی جسے ولی عہد نے خوش اسلوبی سے قبول کر لیا۔ملاقات میں نائب وزیر اعظم اور وزیر خارجہ محمد اسحٰق ڈار، چیف آف آرمی اسٹاف فیلڈ مارشل سید عاصم منیر، وزیر داخلہ سید محسن رضا نقوی اور وزیر اطلاعات عطا اللہ تارڑ بھی موجود تھے۔قبل ازیں وزیراعظم محمد شہباز شریف اور آرمی چیف فیلڈ مارشل سید عاصم منیر جوولیِ عہد شہزادہ محمد بن سلمان کی خصوصی دعوت پر دورہ سعودی عرب پر ہیں نے گزشتہ روز وفد کے ہمراہ گذشتہ شب عمرہ کی سعادت حاصل کی۔ پاکستانی وفد کے لیے خانہ کعبہ کے دروازہ خصوصی طور پر کھولا گیا۔وزیراعظم اور آرمی چیف نے وفد کے ہمراہ خانہ کعبہ میں نوافل ادا کیے اور بنیان مرصوص کی عظیم فتح پر اللہ تعالیٰ کا شکر ادا کیا۔ پاکستان کی معاشی میدان اور عوامی فلاح کیلئے اقدامات کے حوالے سے حالیہ کامیابیوں پر اللہ رب العزت کا شکر ادا کرتے ہوئے ملکی ترقی و خوشحالی کے ساتھ ساتھ امت مسلمہ بالخصوص ظلم و جبر کے شکار کشمیری و فلسطینی مسلمان بہن بھائیوں کیلئے خصوصی دعائیں کیں۔ نائب وزیرِ اعظم و وزیرِ خارجہ محمد اسحاق ڈار، وزیرِ داخلہ سید محسن رضا نقوی اور وزیرِ اطلاعات و نشریات عطاء اللہ تارڑ بھی وزیرِاعظم کے ہمراہ تھے۔


اہم خبریں سے مزید