غزہ (جنگ نیوز، اے ایف پی) غزہ میں عید الاضحی کے دن بھی بھوک کا راج رہا، اسرائیلی طیاروں نے عید کی صبح سے بمباری کا سلسلہ جاری رکھا جس کے نتیجے میں42فلسطینی شہید اور درجنوں زخمی ہوگئے، خان یونس میں عمارت میں دھماکے سے 4اسرائیلی فوجی ہلاک اور5زخمی ہوگئے، اسرائیلی وزیراعظم نیتن یاہو نے ہلاکتوں کی تصدیق کردی ، رفح میں امدادی مرکز پر جمع فلسطینی اور خان یونس میں نماز عید کیلئے جانے والے بھی نشانہ بن گئے ،امریکی تنظیم نے امدادی مراکز بند کردیئے، اسرائیلی وزیراعظم کا غزہ میں حماس مخالف گینگ کو مسلح کرنے کا اعتراف، یورپی کونسل کا کہنا ہے کہ اس مجرمانہ گرو پ کا رہنما امدادی ٹرک لوٹنے میں ملوث ہے، دوسری جانب مقبوضہ مغربی کنارے میں بھی عید کے موقع پر سوگ کا سماں رہا ، مختلف علاقوں میں یہودی آبادکاروں کی جانب سے فلسطینیوں کے گھروں پر حملے بھی کئے گئے ، اسرائیلی فوجیوں نے جنین میں فلسطینیوں کو اپنے پیاروں کی قبروں کی زیارت کرنے کی اجازت بھی نہیں دی اور قبرستان کو خالی کروالیا گیا ۔تفصیلات کے مطابق عید کے روز بھی اسرائیلی وحشیانہ حملوں میں 42 فلسطینی شہید اور درجنوں زخمی ہوگئے ۔