مصنّف: عبدالستار اعوان
صفحات: 614، قیمت: 3000 روپے
ناشر: قلم فاؤنڈیشن انٹرنیشنل، یثرب کالونی، والٹن روڈ، لاہور کینٹ۔
فون نمبر: 0515101 - 0300
عبدالستار اعوان کئی اخبارات و جرائد سے منسلک رہے ہیں اور اِن دنوں بھی اُن کے مضامین نظر سے گزرتے رہتے ہیں۔ اُنھوں نے ماہنامہ’’ قومی ڈائجسٹ‘‘ کے لیے مختلف شعبوں سے وابستہ افراد کے حالاتِ زندگی قلم بند کیے، جن میں سے پہلے مرحلے میں14افراد کی یادداشتیں کتابی شکل میں شایع ہوئی ہیں۔
اِن افراد میں یوسف عالمگیرین، امیر نواز نیازی، عامر خاکوانی، ایثار رانا، بریگیڈئیر(ر) صولت رضا، محمّد وحید چوہدری، حافظ شفیق الرحمٰن، متین خالد، زاہد بلند شہری، عبدالغفور چوہدری، انور گوندل، میاں ابراہیم طاہر، لیفٹینٹ کرنل شجاعت لطیف اور میجر جنرل شفیق احمد شامل ہیں۔
اِس ضمن میں مجیب الرحمٰن شامی کا کہنا ہے کہ’’ہر وہ شخص جو کسی نہ کسی شعبے میں کچھ نہ کچھ کر دِکھاتا اور اپنے آپ کو منواتا ہے، اُس کے پاس بتانے کے لیے کچھ نہ کچھ ہوتا ہے اور اُس سے کچھ نہ کچھ سیکھا بھی جاسکتا ہے۔‘‘ اِس فہرست میں شامل بعض افراد خاصے معروف ہیں، اُن کے پاس تو بتانے کے لیے بہت کچھ ہے، جب کہ جو افراد قدرے کم معروف ہیں، یہ کتاب اُن سے بھی بہت خُوب صورتی سے روشناس کرواتی ہے۔
اِس میں ہمیں جہاں صحافتی تجربات، سیاسی کہانیاں اور کاروباری جدوجہد پڑھنے کو ملتی ہے، وہیں مختلف جنگوں میں مادرِ وطن کے لیے دی گئی بے مثال قربانیوں کی بھی داستانیں موجود ہیں۔ چوں کہ مصنّف ایک کہنہ مشق صحافی ہیں، اِس لیے قاری کو غیر ضروری تفصیلات میں اُلجھنا نہیں پڑتا، جب کہ اندازِ بیان اکتاہٹ کو دُور دھکیلے رکھتا ہے۔