• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ایران آبنائے ہرمز بند کرسکتا ہے، ایک اور F-35 اسٹیلتھ طیارہ اور 10 جہاز مار گرائے، ایران کا دعویٰ، اسرائیل کی تردید

کراچی، تہران(نیوز ڈیسک، اے ایف پی) ایران نے کہا ہے کہ وہ فوجی اور تزویری اہمیت کی حامل آبنائے ہرمز کی بندش کا سنجیدگی سے جائزہ لے رہا ہے، عمان اور ایران کے درمیان واقع آبنائےہرمز تیل کی ترسیل کیلئے دنیا کا اہم ترین داخلی مقام ہے، اسرائیل اور ایران کے ایک دوسرے پر حملے ہفتے کے روز بھی جاری رہے ، ایران میں شہادتوں کی مجموعی تعداد 80ہوگئی ہے ، مزید دو ایرانی جرنیلوں اور تین مزید جوہری سائنسدانوں کی شہادت کی تصدیق کردی گئی جس کے بعد شہید سائنسدانوں کی تعداد 9ہوگئی ہے ، ایرانی حکام کے مطابق شہداء میں 20بچے بھی شامل ہیں، دوسری جانب ایران نے ا سرائیلی دارالحکومت تل ابیب اور بندرگاہی شہر حیفہ پر 100 بیلسٹک اور ہائپر سونک میزائل داغے ہیں جبکہ ہائبرڈ ڈرون سے بھی حملہ کیا ہے،ایرانی حکام کے مطابق انہوں نے فوجی تنصیبات اور مراکز کو نشانہ بنایا ہے ، حیفہ میں تیل کی تنصیبات میں آگ لگ گئی جبکہ کئی عمارتوں کو نقصان پہنچا ہے ، اسرائیل میں ہلاکتوں کی تعداد 4ہوگئی ہے جبکہ 110سے زائد افراد زخمی ہوچکے ہیں ، زخمیوں میں متعدد اسرائیلی فوجی بھی شامل ہیں ،ایرانی حکام کا کہنا ہے کہ ایران کا دفاعی میزائل نظام فعال کردیا گیا ہے ،ایران کے دارالحکومت تہران میں اہم سیاسی شخصیت کو ڈرون حملے میں نشانہ بنائے جانے کی اطلاعات موصول ہوئی ہیں ،الجزیرہ کے مطابق اسرائیلی فوج کے ترجمان کا کہنا ہے کہ نہیں بتانا چاہتے کہ اس حملےمیں ایرانی سپریم لیڈر آیت اللہ خامنہ ای کو نشانہ بنایا گیا ہے ،اسرائیل نے یمنی حوثیوں کے فوجی سربراہ پر بھی حملہ کرنے کی اطلاع دی ہے ، امریکا نے اپنا دفاعی میزائل نظام مشرق وسطیٰ منتقل کردیا ہے ، ایران نے اقوام متحدہ کولکھے گئے خط میں دھمکی دی ہے کہ وہ جوہری عدم پھیلائو کے معاہدے این پی ٹی سے علیحدہ ہوسکتے ہیں ، ایرانی فورسز کا کہنا ہے کہ ان کے دفاعی میزائل نظام نے ایک اور F-35 اسٹیلتھ طیار ہ اور کئی ڈرون مار گرائے ہیں ،یہ دو روز میں ایرانی فورسز کے ہاتھوں مار گرایا جانے والا تیسرا ایف 35طیارہ ہے،ایرانی بریگیڈیئر جنرل اور خاتم الانبیاء فضائی دفاعی اڈے کے کمانڈر علی رضا صباحی فرد نے اعلان کیا کہ ایک گھنٹے کے اندر، ملک کے مختلف حصوں میں صہیونی حکومت سے تعلق رکھنے والے10طیاروں کو مار گرایا گیا ہے۔ اسرائیل نے ایف 35سمیت اپنا کوئی بھی طیارہ مار گرائے جانے کی تردید کی ہے ۔ ایران نے برطانیہ، فرانس اور امریکا کو خبردار کیا ہے کہ اگر ان ممالک نے جاری جنگ میں اسرائیل کا دفاع کیا تو ایسی صورت میں تہران ان ممالک کے خطے میں موجود فوجی اڈوں کو ہدف بنائے گا۔عراقی فوج کے ترجمان نے امریکا سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ اسرائیل کو ایران کیخلاف عراقی فضائی حدود استعمال کرنےسے روکے ، برطانیہ نے اپنے لڑاکا طیارے مشرق وسطیٰ منتقل کرنا شروع کردیئے ہیں ،ایران نے امریکا کیساتھ اتوار کو عمان میں ہونے والے بالواسطہ مذاکرات منسوخ کردیئے ہیں ، امریکا کا کہنا ہے کہ وہ اب بھی مذاکرات کا خواہاں ہے ، ایک امریکی عہدیدار نے نام ظاہر نہ کرنے کی شرط پر اے ایف پی کو بتایا کہ ہم اب بھی بات چیت کی امید رکھتے ہیں،فرانس کے صدر ایمانوئل میکرون نے جوہری مذاکرات فوری بحال کرنے کا مطالبہ کیا ہے ،اسرائیلی وزیراعظم نیتن یاہو نے دھمکی دیتے ہوئے کہا ہے کہ آئندہ دنوں میں وہ کچھ ہوگا جس کا تہران نے سوچا بھی نہ ہوگا، انہوں نے جنگ بندی کی عالمی اپیلیں مستر دکرتے ہوئے کہا کہ ایران میں ہر جگہ اور مقام کو نشانہ بنائیں گے ، اسرائیلی وزیر جنگ اسرائیل کاٹز کا کہنا ہے کہ اگر ایران کے جوابی حملے جاری رہے تو تہران کو بھسم کرکے رکھ دیں گے ، اسرائیلی فوج کے ترجمان نے دعویٰ کیا ہے کہ انہوں نے مغربی ایران سے ایران کے دارالحکومت تہران تک فضائی آزادی اور برتری حاصل کرلی ہے، ایرانی فوج نے دعویٰ کیا ہے اس کے طیاروں نے دو گھنٹے تک تہران سمیت کئی شہروں میں 40 کے قریب اہداف پر مزید حملے بھی کئے ہیں ، تہران کے قریب تیل کے ڈپو کو بھی نشانہ بنایا گیا ہے ۔ تفصیلات کے مطابق ایران کے مختلف شہروں پر اسرائیلی جارحیت کا سلسلہ نہ رک سکا جس کے جواب میں ایران کے جوابی میزائل حملے بھی جاری رہے ۔ نیوز ایجنسی اسنا (ISNA) کے مطابق، ایران کے شمال مغربی علاقوں کے حکام نے بتایا ہے کہ جمعہ سے اسرائیلی فضائی حملوں میں مشرقی آذربائیجان صوبے میں کم از کم 30 فوجی اہلکار شہید ہو چکے ہیں۔اسنا نے ہفتے کے روز مشرقی آذربائیجان کے صوبائی حکام کے حوالے سے بتایا ہلال احمر کا ایک کا رکن بھی شہید ہوا ہے جبکہ 55 افراد زخمی ہوئے ہیں۔"ایرانی ہلال احمر کا کہنا ہے کہ شمالی مغربی شہر ارمیا میں ایمبولنس پر براہ راست اسرائیلی بمباری میں دو افراد شہید ہوئے ہیں ۔ایران کے سپریم لیڈر آیت اللہ علی خامنہ ای نے ہفتے کے روز پاسداران انقلاب کی فضائی شاخ کے نئے سربراہ کو مقرر کیا تاکہ اسرائیلی حملے میں شہید ہونے والے کی جگہ لے سکے۔ایک حکم نامے میں، خامنہ ای نے مجید موسوی کو اسلامی انقلابی گارڈ کور کی ایرو اسپیس فورس کے کمانڈر کے طور پر امیر علی حاجی زادے کی جگہ نامزد کیا۔ایرانی میڈیا نے ہفتے کے روز اطلاع دی کہ تہران کے مغرب میں تقریباً 300 کلومیٹر (186 میل) کے فاصلے پر ایک ڈرون حملے میں ایک پولیس چیف اور ایک اور افسر شہید ہو گئے۔آئی ایس این اے (ISNA) پریس ایجنسی نے رپورٹ کیا، "ہفتے کی صبح پولیس چیف میجر حبیب اللہ اکبریان، لیفٹیننٹ امیر حسین سیفی کے ساتھ، مغربی صوبہ ہمدان کے شہر اسدآباد میں ایک ڈرون حملے میں شہید ہو گئے۔"دوسری جانب اسرائیل کا بین گوریون بین الاقوامی ہوائی اڈہ اگلے اطلاع تک بند کر دیا گیا ہے، ایک ترجمان نے ہفتے کے روز بتایا، جب اسرائیل اور ایران نے دوسرے دن بھی ایک دوسرے پر فائرنگ کی۔ہوائی اڈے کی ترجمان لیزا ڈائیور نے اے ایف پی کو بتایا، "ہوائی اڈے کو دوبارہ کھولنے کے لیے کوئی تاریخ یا دن مقرر نہیں کیا گیا ہے۔"اسرائیلی وزیراعظم بنجمن نیتن یاہو نے کہا ہے کہ ایران پر اسرائیل کے فضائی حملوں کو امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی "واضح حمایت" حاصل تھی۔امریکی صدر کی سالگرہ کے موقع پر ٹرمپ کو مخاطب کرتے ہوئے ایک ویڈیو بیان میں نیتن یاہو نے کہا، "ہمارا دشمن آپ کا دشمن ہے۔ عراقی حکام نے علاقائی کشیدگی میں پھنسنے سے بچنے کے لئے ایرانی اور امریکی حکومتوں سے رابطہ کیا ہے۔

اہم خبریں سے مزید