• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ایران کو اقوام متحدہ کے آرٹیکل 51 کے تحت دفاع کا حق حاصل، ایران کے ساتھ کھڑے ہیں، شہباز شریف

اسلام آباد، کراچی ( نیوز رپورٹر، نیوز ڈیسک) وزیراعظم محمد شہبازشریف نے کہا ہے کہ ایران کو اقوام متحدہ کے آرٹیکل 51کے تحت دفاع کا حق حاصل ہے، شہباز شریف نے ایرانی صدر ڈاکٹر مسعود پیزشکیان سے ٹیلی فون پر بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان اسرائیل کی بلا اشتعال اور بلاجواز جارحیت پرایرانی حکومت اور برادر عوام کے ساتھ مکمل یکجہتی میں کھڑا ہے، صدر پیزشکیان نے اس مشکل وقت بالخصوص اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل میں ایران کے ساتھ پاکستان کی حمایت اور یکجہتی پر وزیراعظم کا شکریہ ادا کیا۔امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا ہے کہ انہوں نے اپنے روسی ہم منصب کیساتھ ایک گھنٹہ گفتگو میں اس بات پر اتفاق کیا ہے کہ اسرائیل ایران جنگ بند ہونی چاہئے،سعودی ولی عہد محمد بن سلمان نے بھی ایرانی صدر سے گفتگو کی ہے، انہوں نے ایران پر اسرائیلی حملوں کی مذمت کی ، سعودی ولی عہد نے کہا کہ ایران کیساتھ تنازع کو بڑھا کر اسرائیل امریکا کو جنگ میں گھسیٹنا چاہتا ہے،پوری اسلامی دنیا آپ کیساتھ کھڑی ہے ، ترک صدر رجب طیب ایردوان نے علاقائی رہنماؤں کو کی گئی ٹیلی فون کالزمیں خبردار کیا کہ اسرائیل اور ایران کے درمیان "تباہ کن جنگ" ہو سکتی ہے جو پناہ گزینوں کا بحران پیدا کر سکتی ہے۔ترک صدارتی دفتر کے ایک بیان کے مطابق، ایردوان نے ایرانی ہم منصب مسعود پیزشکیان کو بتایا کہ اسرائیل "پورے خطے کو آگ میں گھسیٹنے" کی کوشش کر رہا ہے۔ایردوان نے سعودی ولی عہد محمد بن سلمان سے بھی ٹیلی فونک گفتگو کی ، انہوں نے کہا کہ ہمارا خطہ ایک اور بحران کا متحمل نہیں ہو سکتا۔ ترک صدارتی دفتر کے مطابق ایردوان نے اسرائیل کو "روکنے" کا بھی مطالبہ کیا اور اسے "خطے میں استحکام اور سلامتی کے لئے بنیادی خطرہ" قرار دیا۔ترک صدر نے امریکی ہم منصب ڈونلڈ ٹرمپ کو بھی فون کرکے کہا کہ اسرائیل ایران تنازع کا حل جوہری پروگرام پر مذاکرات کے ذریعے سے نکالا جاسکتا ہے۔ کیتھولک عیسائیوں کے پیشوا پوپ لیو چہاردہم نے اسرائیل اور ایران سے ذمہ داری اور سمجھداری دکھانے کا مطالبہ کیا۔پوپ نے ایک بیان میں کہا، "ایران اور اسرائیل میں صورتحال ایسے نازک لمحے میں سنگین طور پر خراب ہو گئی ہے۔ میں ذمہ داری اور سمجھداری کی اپیل کو پرزور طریقے سے دہرانا چاہتا ہوں۔تفصیلات کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف نے ایران کے خلاف اسرائیلی حملوں کی شدید مذمت کی، جو اس کی خودمختاری اور علاقائی سالمیت کی خلاف ورزی ہیں، اور اقوام متحدہ کے چارٹر اور بین الاقوامی قوانین کی مکمل خلاف ورزی کرتے ہیں۔ایرانی صدر نے وزیراعظم کو اسرائیل کے ساتھ بحران پر ایران کے نقطہ نظر سے آگاہ کیا اور عالمی برادری بالخصوص اسلامی ممالک پر زور دیا کہ وہ ان خطرات کا مقابلہ کرنے کے لیے مل جل کر کام کریں۔وزیراعظم شہباز شریف نےایرانی صدر کیساتھ گفتگو میں کہا کہ ایران کو اقوام متحدہ کے چارٹر کے آرٹیکل 51 کے تحت اپنے دفاع کا حق حاصل ہے۔ حملوں میں قیمتی جانوں کے ضیاع پر صدر پیزشکیان سے دلی تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے وزیراعظم نے گزشتہ روز اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کے ہنگامی اجلاس میں ایران کے لیے پاکستان کی حمایت کا ذکر کیا۔ وزیر اعظم نے اسرائیل کی اشتعال انگیزی اور مہم جوئی کو علاقائی اور عالمی امن و استحکام کے لیے سنگین خطرہ قرار دیتے ہوئے مذمت کی۔ انہوں نے اسرائیل کی جانب سے بہادر فلسطینیوں کے خلاف ظالمانہ نسل کشی کی بلا روک ٹوک کارروائیوں کی بھی شدید مذمت کی۔ انہوں نے عالمی برادری اور اقوام متحدہ پر زور دیا کہ وہ اسرائیل کے جارحانہ رویے اور اس کے غیر قانونی اقدامات کے خاتمے کے لیے فوری اور قابل اعتبار اقدامات کریں۔

اہم خبریں سے مزید