کراچی (نیوز ڈیسک) ایران کے جوابی حملوں میں اسرائیل میں مزید 10افراد کے ہلاک اور مزید 100سے زائد کے زخمی ہونے کی تصدیق کردی گئی ہے،ایران نے اسرائیلی دارالحکومت تل ابیب اور حیفہ میں فوجی تنصیبات اور مراکز کو نشانہ بنایا ہے، میڈیا رپورٹ کے مطابق ایرانی حملوں میں آئرن ڈوم دفاعی نظام بنانے والی فیکٹری کو بھی نشانہ بنایا گیا ہے ، اسرائیلی طیاروں نے مشہد ائیر پورٹ سمیت ایران کے مغربی اور مشرقی علاقوں رہائشی عمارتوں سمیت 170مقامات پر بمباری کی ہے ، اسرائیلی جارحیت میں مزید 144فلسطینی شہید ہوگئے ہیں ،شہداء کی مجموعی تعداد 228ہوگئی ہے جبکہ سرکاری میڈیا کا کہنا ہے کہ زخمیوں کی مجموعی تعداد 2ہزار کے قریب ہوچکی ہے ۔ایرانی پاسدران انقلاب کے مطابق اتوار کو تہران پر اسرائیلی حملوں کے نتیجے میں انٹیلی جنس چیف جنرل محمد کاظمی اور ان کے نائب جنرل حسن محقق شہید ہوگئے ہیں جبکہ اسرائیل نے تہران میں کار بم دھماکوں میں مزید ایرانی سائنسدانوں کی شہادت کا دعویٰ کیا ہے ۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق ایران نے اسرائیلی وزیراعظم کی آبائی رہائش گاہ پربھی میزائل حملہ کیا ہے۔نیوز ایجنسی کے مطابق قیصریہ میں واقع اسرائیلی وزیراعظم کی نجی رہائش گاہ کو میزائل سے نشانہ بنایا گیا، جنگ شروع ہونے کے بعد پناہ گاہ میں مقیم نیتن یاہو اتوار کے روز ہی اپنے بنکر سے باہر آئے تھے۔ایران نے کہا ہے کہ اسرائیل کا کوئی کونا رہنے کے قابل نہیں چھوڑیں گے۔