وفاقی حکومت نے سولر پینل پر سیلز ٹیکس 18 سے کم کر کے 10 فیصد کرنے کا اعلان کر دیا۔
قومی اسمبلی کے اجلاس میں اظہار خیال کرتے ہوئے نائب وزیر اعظم اسحاق ڈار نے کہا کہ ہم نے سولر پر باہمی مشاورت کے ساتھ بات کی ہے، ہم نے اس سال سولر پر 18 کے بجائے 10فیصد ٹیکس پر اتفاق کیا۔
انہوں نے کہا کہ حکومت نے بعض بجٹ تجاویز پر نظر ثانی کی ہے، بجٹ پر اتحادیوں سے مشاورت جاری ہے، ڈیجیٹل سروسز پر سیلز ٹیکس صوبوں کا حق ہے۔
اسحاق ڈار نے کہا کہ سندھ کی جامعات کے لیے مختص رقم 2 ارب 60 کروڑ سے بڑھا کر 4 ارب 60 کرورڑ کر رہے ہیں، پاکستان کی معیشت دن بدن مستحکم ہو رہی ہے۔
نائب وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ کل دن کو بلاول بھٹو، مراد علی شاہ اور دیگر سے ملاقاتیں ہوئیں، پی آئی ڈی سی ایل سندھ میں پی ڈبلیو ڈی کے متبادل ادارہ ہے، کمپنیز آرڈینیس کے تحت اس کا اسکوپ بڑھا دیا گیا ہے، اب یہ کمپنی پی ڈبلیو ڈی کے ملک بھر میں جاری سارے منصوبے مکمل کرے گی۔
سینیٹ اجلاس میں اظہار خیال کرتے ہوئے اسحاق ڈار نے کہا کہ مشرق وسطیٰ میں قیام امن ضروری ہے، اسرائیل ایران تنازع کا پُرامن حل چاہتے ہیں، پاکستان نے ہمیشہ امن کی بات کی۔