• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ایران اسرائیل جنگ رکوانے کی کوششیں، جنیوا میں مذاکرات اور سلامتی کونسل کا اجلاس آج، حملے رکنے تک بات نہیں ہوگی، ایرانی نائب وزیر خارجہ

تہران ، واشنگٹن، ماسکو، کراچی(اے ایف پی،نیوز ڈیسک) ایران اور اسرائیل جنگ رکوانے کی کوششیں تیز ہوگئیں، ایران جوہری پروگرام پر جنیوا میں مذاکرات آج ہوں گے، مذاکرات میں برطانیہ، فرانس اور جرمنی کے وزراء خارجہ شریک ہوں گے۔

ایرانی نائب وزیر خارجہ سعید خطیب زادہ کا کہنا ہے کہ اسرائیلی حملے رکنے تک کوئی بھی مذاکرات نہیں کرے گا، برطانوی وزیراعظم کیئر اسٹارمر نے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کو مشورہ دیا ہے کہ وہ ایران کیخلاف فوجی کارروائی سے پیچھے ہٹ جائیں جبکہ روسی اور چینی صدور نے بھی متنبہ کیا ہے کہ تنازع میں امریکی فوجی مداخلت کے سنگین اور ناقابل بیان نتائج ہوں گے۔

دونوں صدور نے ٹیلی فونک گفتگو میں ایران پر اسرائیلی حملوں کی شدید مذمت کی، صدر پیوٹن نے کہا کہ ایران نے اسرائیل کے حملوں کے ایک ہفتے سے کوئی فوجی مدد نہیں مانگی ہے۔

پریس کانفرنس کے دوران یہ پوچھے جانے پر کہ اگر ایران کے سپریم لیڈر آیت اللہ علی خامنہ ای کو قتل کر دیا گیا تو روس کیا اقدامات کرے گا، پیوٹن نے کہا خامنہ ای کے قتل کی ممکنات پر بھی بات نہیں کرنا چاہتا۔

دوست ملک ایران نے اب تک عسکری مدد نہیں مانگی ہے، دوسری جانب ایران نے اسرائیل پر اب تک کا سب سے بڑا حملہ کیا ہے ، میزائل حملوں میں اسرائیلی فوجی کمانڈ اینڈ انٹیلی جنس ہیڈکوارٹرز، اسٹریٹجک مراکز کو نشانہ بنایا گیا ہے ۔

حملوں میں 126 اسرائیلی زخمی ہوگئے ہیں، اسرائیلی وزیر دفاع کاٹز نے ہرزہ سرائی کرتے ہوئے کہا ہے کہ میزائل حملوں کے بعد ایرانی سپریم لیڈر کو زندہ رہنے کی اجازت نہیں دی جاسکتی، ایرانی سپریم لیڈر آیت اللہ خامنہ ای کا کہنا ہے امریکا میدان میں آچکا ہے،اللہ ایرانی قوم کو فتح دے گا۔

اہم خبریں سے مزید