دریائے سوات پر پیش آنے والے افسوس ناک واقعے کے بعد سوات کی ضلعی انتظامیہ نے تجاوزات کے خلاف اب تک کی جانے والی کارروائیوں سے متعلق رپورٹ صوبائی حکومت کو ارسال کر دی۔
رپورٹ کے مطابق کنجو پل سے فتح پور بائی پاس تک دریا کے کنارے غیر قانونی تجاوزات کے خلاف کارروائیاں عمل میں لائی گئی ہیں۔
آپریشن کے دوران 65 غیر قانونی تعمیرات کو مسمار کیا گیا جن میں دکانیں، ہوٹل اور تفریحی پارک شامل ہیں۔
کارروائی کے نتیجے میں 15.7 کنال سرکاری اراضی واگزار کروائی گئی ہے جس کے نتیجے میں مجموعی طور پر دو کلومیٹر کا رقبہ کلیئر ہو گیا ہے۔
رپورٹ کے مطابق واگزار کرائی گئی زمین کی مالیت تقریباً 6 کروڑ 75 لاکھ روپے ہے۔
دوسری جانب تجاوزات قائم کرنے میں ملوث 25 افراد کے خلاف ایف آئی آرز درج کر لی گئی ہیں جبکہ آپریشن کے دوران غیر قانونی بور ویل، ویٹنگ اسکیل اور دیگر سامان بھی ضبط کیا گیا۔
رپورٹ کے مطابق تجاوزات کے خلاف یہ آپریشن ضلعی انتظامیہ کی قیادت میں کیا گیا جس میں محکمۂ مال، پولیس، ٹی ایم اےاور واپڈا سمیت دیگر متعلقہ اداروں نے بھی حصہ لیا۔