خاتون اول آصفہ بھٹو زرداری نے یوٹیلیٹی اسٹورز کی بندش کا حکومتی فیصلہ افسوسناک قرار دے دیا۔
انہوں نے قومی اسمبلی میں یوٹیلیٹی اسٹورز کی بندش سے متعلق توجہ دلاؤ نوٹس جمع کروایا ہے۔
خاتونِ اول نے قومی اسمبلی میں وقفہ سوالات میں اظہار خیال کرتے ہوئے کہا ہے کہ یوٹیلیٹی اسٹورز کی بندش کا حکومتی فیصلہ افسوس ناک ہے۔
آصفہ بھٹو کا کہنا ہے کہ افسوس کے ساتھ علم ہوا ہے کہ لاکھوں لوگوں کو بے روز گار کیا جارہا ہے، حکومت سے درخواست ہے کہ اس پر دوبارہ توجہ دی جائے۔
ان کا کہنا ہے کہ یوٹیلیٹی اسٹورز بند کیے جارہے ہیں، جس کے سبب لاکھوں لوگ بے روزگار اور ان کے خاندان متاثر ہو رہے ہیں، یہ انتہائی تشویش ناک امر ہے۔
آصفہ بھٹو کا کہنا ہے کہ وفاقی حکومت اس معاملے پر توجہ دے۔
یاد رہے کہ رواں ماہ یوٹیلیٹی اسٹورز کارپوریشن یونین کے عہدیداران نے خاتون اول آصفہ بھٹو زرداری سے ملاقات کی تھی اور انہیں ملازمین کے مسائل سے آگاہ کیا تھا۔