جنوبی افریقا کے چیف آف ایئر فورس نے چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی جنرل ساحر شمشاد سے ملاقات کی۔
انٹر سروسز پبلک ریلیشنز (آئی ایس پی آر) کے مطابق جے ایس ہیڈ کوارٹرز آمد پر جنوبی افریقا کے ایئر چیف کو تینوں افواج کے چاک و چوبند دستے کی جانب سے گارڈ آف آنر پیش کیا گیا۔
جنوبی افریقا کے چیف آف ایئر فورس نے جنرل ساحر شمشاد سے ملاقات کے دوران باہمی دلچسپی، دوطرفہ تعاون اور وسیع تر جیو اسٹریٹیجک صورتِ حال پر تبادلہ خیال کیا۔
اس موقع پر دونوں ملکوں کی افواج کے درمیان رابطوں کو بڑھانے کے عملی اقدامات پر بات چیت بھی ہوئی۔
آئی ایس پی آر کے مطابق جنرل ساحر شمشاد نے خطے میں بدلتی سیکیورٹی صورتِ حال پر مؤقف پیش کیا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق مہمانوں نے پاک فوج کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں کو سراہا اور دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پاک فوج کی قربانیوں کو تسلیم کیا۔