امریکی محکمہ انصاف نے پاکستانی شہری کیخلاف مبینہ طور پر ہیلتھ کیئر فراڈ میں ملوث ہونے کا الزام عائد کرتے ہوئے کارروائی کا آغاز کردیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق امریکی محکمہ انصاف نے ملزم فرخ علی پر امریکی ریاست ایریزونا میں مقامی امریکیوں کےلیے میڈیک ایڈ پروگرام میں 65 کروڈ ڈالر فراڈ کرنے کا الزام عائد کیا ہے، پروگرام کے تحت نشے میں مبتلا افراد کی بحالی سمیت دیگر خدمات فراہم کی جاتی ہیں۔
امریکی عدالتی دستاویزات میں لگائے گئے الزامات کے مطابق ملزم فرخ علی نے ریاست ایریزونا میں کم از کم 41 نشے کی بحالی کی کلینکس کے ساتھ مل کر ریاست کو جعلی بلوں کے ذریعے لاکھوں ڈالر کا نقصان پہنچایا ہے۔
ان بلوں میں ایسی خدمات شامل تھیں جو یا تو فراہم نہیں کی گئیں یا پھر غیر ضروری تھیں۔
فرخ علی کی فرد جرم اُن 200 سے زائد مقدمات میں شامل ہے، جن کا امریکی محکمہ انصاف نے حال ہی میں اعلان کیا ہے، ہیلتھ کیئر فراڈ سے اس سال 14.6 ارب ڈالر کے ممکنہ نقصانات کا اندازہ لگایا گیا ہے۔