ریاض (شاہدنعیم) سعودی عرب نے نشہ آور مادہ "ایمفیٹامین" کی 6 لاکھ 46 ہزار گولیاں اسمگل کرنے کی کوشش ناکام بنا دی۔ یہ نشہ آور گولیاں جدہ اسلامی بندرگاہ کے راستے مملکت میں آنے والی ایک درآمدی کھیپ میں چھپائی گئی تھیں۔سعودی زکوٰۃ، ٹیکس اور کسٹمز اتھارٹی نے بتایا ہے کہ یہ کھیپ "خوراکی اشیاء" پر مشتمل تھی جس میں "فول" (عربی لوبیا) شامل تھا۔ جب اس پر کسٹم کے معمول کے طریقہ کار کے تحت سکیورٹی ٹیکنالوجی اور زندہ سونگھنے والے ذرائع کے ذریعے جانچ کی گئی تو اس میں مذکورہ مقدار کی گولیاں چھپی ہوئی پائی گئیں۔ اتھارٹی نے مزید بتایا کہ ضبطی کی کارروائی مکمل کرنے کے بعد انسدادِ منشیات کے جنرل ڈائریکٹوریٹ کے ساتھ رابطہ کیا گیا۔ اس کے نتیجے میں مملکت کے اندر ان اشیاء کے وصول کنندگان کو گرفتار کر لیا گیا، گرفتار شدگان کی تعداد تین ہے۔ اتھارٹی کے ترجمان حمود الحربی نے زور دے کر کہا کہ اتھارٹی سعودی عرب کی درآمدات و برآمدات پر کسٹم کنٹرول کو مزید سخت بنانے کے لیے پرعزم ہے، تاکہ معاشرے کو ان خطرناک آفتوں سے محفوظ رکھا جا سکے۔