کراچی(اسٹاف رپورٹر)متحدہ قومی موومنٹ پاکستان کے مرکز بہادرآباد پر کل جماعتی حریت کانفرنس کے جنرل سیکریٹری پرویز علی کی قیادت میں وفد نے چیئرمین ایم کیو ایم پاکستان ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی سے ملاقات کی۔ ملاقات میں مسئلہ کشمیر، بھارتی مظالم اور کشمیری عوام کی جدوجہد آزادی پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ پرویز علی نے چیئرمین ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی کو 8 جولائی کو کشمیری حریت پسند رہنما برہان مظفر وانی کے یومِ شہادت اور آپریشن بنیان مرصوص کی شاندار کامیابی کے سلسلے میں نکالی جانے والی ریلی میں شرکت کی دعوت دی۔ اس موقع پر انہوں نے کل جماعتی حریت کانفرنس کے کنوینر غلام محمد صفی کا خصوصی پیغام بھی پہنچایا ،اس موقع پر ایم کیو ایم پاکستان کے سینئر مرکزی رہنما و وفاقی وزیر سید امین الحق، مرکزی رہنما ارشاد ظفیر، مسعود محمود، صوبائی صدر بلوچستان عمران کاکڑ اور دیگر بھی موجود تھے۔