کراچی (ٹی وی رپورٹ)جیو کے پروگرام ’’رپورٹ کارڈ‘‘ میں میزبان علینہ فاروق کے سوال کیا پاکستان تحریک انصاف کی حکمت عملی اسے بند گلی میں لے گئی ؟کے جواب میں تجزیہ کاروں ارشاد بھٹی ،فخردرانی ،بے نظیر شاہ اور مظہرعباس نے کہا کہ اس وقت پاکستان تحریک انصاف جو اندرونی اور بیرونی حالات ہیں ان کی وجہ سے کمزور وکٹ پر کمزور پوزیشن میں ہے، پاکستان تحریک انصاف کو دیوار سے لگایا گیا، پارٹی اب بھی سروے میں مقبولیت پر ہے،پی ٹی آئی بالکل اس وقت بند گلی میں ہے تاہم یہ جاننا ضروری ہے کہ وہ بند گلی میں آئی کیوں ہے ، پی ٹی آئی اگر اس وقت بند گلی میں ہے تو اس کی وجہ عمران خان اور ان کا رویہ ہے جو وہ بدلنے کو تیار نہیں دکھائی دیتے،میں سمجھتا ہوں کہ ان کو دیوار سے لگایا گیا ہے اس کی وجہ یہ ہے کہ پارٹی اب بھی سروے میں مقبولیت پر ہے۔ تجزیہ کار ارشاد بھٹی نے کہا ہے کہ اس وقت پاکستان تحریک انصاف جو اندرونی اور بیرونی حالات ہیں ان کی وجہ سے کمزور وکٹ پر کمزور پوزیشن میں ہے چند حکومتی لوگ ہیں جو عمران خان سے مذاکرات کے حامی ہیں ورنہ کوئی بھی حکومتی ارکان ان سے مذاکرات کا حامی نہیں ہے ویسے بھی حکومت کے پاس دینے کو کچھ نہیں ہے اور عمران خان بھی بات اسٹیبلشمنٹ سے کرنا چاہتے ہیں لیکن اسٹیبلشمنٹ عمران خان سے بات کرنا ہی نہیں چاہتی ہے۔