فیلڈ مارشل سید عاصم منیر، چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی، سربراہ پاک فضائیہ، نیول چیف اور افواج پاکستان کی جانب سے حوالدار لالک جان شہید کو خراجِ عقیدت پیش کیا گیا۔
انٹر سروسز پبلک ریلیشنز (آئی ایس پی آر) کے مطابق آج کے دن 1999ء میں حوالدار لالک جان کمپنی ہیڈ کوارٹر میں اپنی خدمات سر انجام دے رہے تھے، انہوں نے جنگ کے اگلے محاذ پر لڑنے کے لیے رضاکارانہ خدمات پیش کیں، حوالدار لالک جان نے اپنی پوسٹ کا کامیابی سے دفاع کیا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق حوالدار لالک جان نے دشمن کے متعدد حملوں کو ناکام بنا کر بھاری جانی نقصان بھی پہنچایا، 7 جولائی کو دشمن تمام دِن حوالدار لالک جان کی پوسٹ پر گولوں سے آگ برساتا رہا۔
انٹر سروسز پبلک ریلیشنز کے مطابق شدید زخمی ہونے کے باوجود لالک جان شہید نے پیچھے ہٹنے سے انکار کر دیا، حوالدار لالک جان کے جوابی حملے میں دشمن کو بھاری نقصان کے ساتھ منہ کی کھانا پڑی۔