ثانوی تعلیمی بورڈ کراچی کے چیئرمین غلام حسین سوہو کی خصوصی ہدایت پر ناظم امتحانات ظہیر الدین بھٹو نے جماعت دہم جنرل گروپ ریگولر وپرائیویٹ اور سماعت و گویائی سے محروم طلباء و طالبات کے سالانہ امتحانات برائے سال 2025ء کے نتائج کا اعلان کردیا۔
چیئرمین میٹرک بورڈ نے کہا کہ اساتذہ کرام اور بورڈ ملازمین کی انتھک محنت سے دہم جماعت کے نتائج جاری کر رہے ہیں۔
اس موقع پر چیئرمین بورڈ غلام حسین سوہو نے کہا کہ نتائج میں شفافیت ہماری اولین ترجیحات میں شامل ہے، جنرل گر وپ اور سماعت و گویائی سے محروم پوزیشنز ہولڈر طلبہ و طالبات کو مبارک باد دیتا ہوں۔
اس موقع پر ناظم امتحانات نے بتایا کہ جنرل گروپ ریگولر اور پرائیویٹ کے امتحانات میں 15497 امیدوار رجسٹرڈ ہوئے اور 14795 امیدوار امتحانات میں شریک ہوئے جبکہ 702 امیدوار غیر حاضر رہے۔
نتائج کے مطابق البدر گرلز ہائر سیکنڈری اسکول عامل کالونی جمشید روڈ کی ثناء بنت محمد ادریس رول نمبر 551643 نے 89 اعشاریہ 27 فیصد نمبر حاصل کر کے پہلی، ماما انڈیگو اسکول سسٹم نواب اسماعیل خان روڈ گرومندر کی بشریٰ بنت محمد عمران رو ل نمبر 552443 نے 87 اعشاریہ 73 فیصد نمبر کے ساتھ دوسری جبکہ تیسری پوزیشن بھی ماما انڈیگو اسکول سسٹم نواب اسماعیل خان روڈ گرومندر کی ہانیہ بنت محمد یوسف رول نمبر 552446 نے 87 اعشاریہ 36 فیصد نمبر کے ساتھ حاصل کی۔
جنرل گروپ ریگولر میں 10222 امیدوار امتحانات میں شریک ہوئے، جن میں 2804 طلباء اور 7418 طالبات شامل ہوئے، کامیاب امیدواروں میں 108 اے ون گریڈ، 971 اے گریڈ، 2157 بی گریڈ، 2471 سی گریڈ، 863 ڈی گریڈ اور 29 نے ای گریڈ حاصل کیا۔
پرائیویٹ جنرل گروپ میں 4573 امیدوار امتحانات میں شریک ہوئے، جن میں 2935 طلباء اور 1638طالبات شامل ہیں، کامیاب امیدواروں میں 13 اے ون گریڈ، 294 اے گریڈ، 1020 بی گریڈ، 1181 سی گریڈ، 445 ڈی گریڈ اور 18 نے ای گریڈ حاصل کیا۔ تمام جنرل ریگولر اور پرائیویٹ میں مجموعی کامیابی کا تناسب 65.76 فیصد رہا۔
مزید برآں سماعت و گویائی سے محروم 124خصوصی طلباء و طالبات امتحانات میں شریک ہوئے، 114طلباء و طالبات کامیاب ہوئے جبکہ کامیابی کا تناسب 91 اعشاریہ 94 فیصد رہا۔
ابساء اسکول فار دی ڈیف کورنگی کے سید سیف علی شاہ ولد گل شیر شاہ نے 89 اعشاریہ 64 فیصد نمبر کے ساتھ پہلی، حمیدہ حسن انصاری بنت عطاء الحسن نے 88 اعشاریہ 45 فیصد نمبر کے ساتھ دوسری جبکہ ضیاء الرحمن ولد فضل الرحمن نے 86 اعشاریہ 18 فیصد نمبر کے ساتھ تیسری پوزیشن حاصل کی یہ تینوں پوزیشنز ابساء اسکول فار دی ڈیف کورنگی کے طلباء و طالبات نے حاصل کیں۔