گورنر سندھ کامران ٹیسوری سے برطانوی ہائی کمشنر جین میریٹ کی ملاقات ہوئی۔
دورانِ ملاقات تعلیم، صحت، خواتین کی فلاح و بہبود اور غزہ کی صورتحال پر بات چیت ہوئی۔
کامران ٹیسوری نے برطانیہ کے غزہ سے متعلق مؤقف کو سراہا اور قومی ایئر لائن کی پرواز وں کی بحالی پر شکریہ ادا کیا۔
گورنر سندھ نے بتایا کہ 50 ہزار نوجوان آئی ٹی کورسز کر رہے ہیں اور ہزاروں ڈالرز ماہانہ کمانے کے قابل ہو چکے ہیں۔
اُنہوں نے کہا کہ اُمید کی گھنٹی پر آنے والے سائل کی فوری داد رسی کی جا رہی ہے۔
برطانوی ہائی کمشنر جین میریٹ نے کہا کہ گورنر اینیشیٹیوز عوام کے فلاح و بہبود کے لیے اہم منصوبے ہیں۔
ترجمان گورنر ہاؤس کے مطابق اس ملاقات میں گورنر سندھ کی اہلیہ اور برطانوی ڈپٹی ہائی کمشنر نے بھی شرکت کی۔
ترجمان گورنر ہاؤس نے بتایا کہ برطانوی ڈپٹی ہائی کمشنر نے پرچم کشائی کی اور مہمانوں کی کتاب میں اپنے تاثرات بھی تحریر کیے۔
ترجمان گورنر ہاؤس کے مطابق وفد نے قائد اعظم کے تاریخی کمرے کا دورہ کیا اور شجر کاری مہم کے تحت پودا بھی لگایا۔