کراچی ( اسٹاف رپورٹر )سابق وزیراعظم ذوالفقار علی بھٹو کے پوتے ذوالفقار علی بھٹو جو نئیرنے کہا ہے کہ ہم فلسطینی بھائیوں کا ساتھ کبھی نہیں چھوڑیں گے۔فلسطین کا مسئلہ ہر فورم پر اٹھائیں گے وہ اتوار کو کراچی پریس کلب کے باہر خلق یوتھ فرنٹ کراچی کی جانب سے فلسطینی عوام سے اظہار یکجہتی اور ان کی آزادی کی جدوجہد کی حمایت کے لیے منعقدہ مظاہرے سے خطاب کررہے تھے۔ مظاہرے میں سماجی رہنما ڈاکٹر اصغر دشتی اور تحریک نسواں کی شیما کروانی او دِیگر نے شرکت کی۔ ذوالفقار علی بھٹو جونیئر نے کہا کہ فلسطین انسانیت کا معاملہ ہے یہ کوئی ایک مذہب کا معاملہ نہیں ہے۔ اگر ہم فلسطین کو چھوڑیں گے تو ہم اپنے دل کو بھی چھوڑیں گے۔ فلسطینیوں کا ساتھ چھوڑنا خودکشی کے مترادف ہے۔ شرکاء نے فلسطین عوام کے ساتھ مکمل اظہار یکجہتی کا اظہار کیا۔