• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

آئی ایم ایف سے ایک ارب 29 کروڑ ڈالر کی قسط منظور

انٹرنیشنل مانیٹری فنڈ (آئی ایم ایف) نے پاکستان کےلیے ایک ارب 29 کروڑ ڈالر کی قسط جاری کرنے کی منظوری دے دی ہے۔

واشنگٹن میں منعقدہ اجلاس میں ایک ارب 9 کروڑ ڈالر کی منظوری امدادی پروگرام کے تحت دی گئی، باقی 20 کروڑ ڈالر موسمیاتی تبدیلیوں سے نمٹنے کے منصوبوں کے لیے ملیں گے، رقم ایک دو دن میں پاکستان پہنچ جائے گی۔

دو اقساط پہلے ہی پاکستان کو مل چکی ہیں، آئی ایم ایف مشن تیسری قسط کی پہلے سے ہی منظوری دے چکا تھا، پاکستان نے بورڈ اجلاس سے پہلے کرپشن اینڈ گورننس ڈائیگناسٹک رپورٹ جاری کرنے سمیت آئی ایم ایف کی تمام شرائط پوری کر دی تھیں۔

ذرائع کے مطابق 7 ارب ڈالر کے ای ایف ایف پروگرام کی مد میں 1 ارب ڈالر سے زائد ملیں گے، 1.3 ارب ڈالر کے آر ایس ایف کے تحت 20 کروڑ ڈالر سے زائد کی پہلی قسط شامل ہے۔

 ذرائع کا کہنا ہے کہ دونوں قرض پروگرامز کی مجموعی جاری رقم 3.3 ارب ڈالر ہو جائے گی، پاکستان کو ای ایف ایف پروگرام کے تحت 2 اقساط پہلے ہی مل چکی ہیں۔

ذرائع کے مطابق آئی ایم ایف نے جاری قرض پروگرام پر عمل درآمد کو مضبوط قرار دے دیا جبکہ حکومت نے معاشی اصلاحات پر عمل درآمد جاری رکھنے کی یقین دہانی کروائی۔

1 ارب 29 کروڑ ڈالر ملنے سے پاکستان کے زرمبادلہ ذخائر میں مزید اضافہ ہوگا۔

قومی اسمبلی میں اظہار خیال کرتے ہوئے وفاقی وزیر خزانہ محمد اورنگزیب کا کہنا تھا کہ وہ آئی ایم ایف رپورٹ کا جواب سینیٹ میں دے چکے ہیں، یہ رپورٹ حکومت نے ہی تیار کی ہے، آئی ایم ایف نے اصلاحات کی تعریف بھی کی، کچھ ڈھانچہ جاتی خامیاں تھیں جس کی آئی ایم ایف نے بات کی۔

انہوں نے مزید کہا کہ ارکان پارلیمنٹ یہ رپورٹ ضرور پڑھیں اس میں 15 سفارشات بھی ہیں، ان سفارشات کی روشنی میں 31 دسمبر سے پہلے ایکشن پلان دیں گے۔

قومی خبریں سے مزید