کراچی ( اسٹاف رپورٹر )شہر میں مختلف حادثات میں بچی سمیت 8 افراد جاں بحق اور چار زخمی ہو گئے۔تفصیلات کے مطابق بلدیہ رئیس گوٹھ بولان ہوٹل کے قریب ٹرک کی ٹکر سے موٹر سائیکل سوار بیٹی جاں بحق جبکہ باپ اور دو بیٹیاں زخمی ہو گئیں۔جاں بحق و زخمی ہونے والے باپ بیٹیوں کو سول ہسپتال منتقل کیا گیا جہاں متوفیہ کی شناخت 8 سالہ ایمان دختر قادر جبکہ زخمیوں کی 45 سالہ قادر ولد قاسم ،12 سالہ مریم دختر قادر اور 10 سالہ آمنہ دختر قادر کے ناموں سے ہوئی۔پولیس کے مطابق قادر نامی شخص اسکول سے اپنی بچیوں کو واپس لے کر گھر آ رہا تھا جب حادثہ پیش آیا۔منگھوپیر نادرن بائی پاس کٹی پہاڑی کے قریب نامعلوم گاڑی کی ٹکر سے موٹر سائیکل سوار ایک شخص جاں بحق اور ایک زخمی ہو گیا۔متوفی کی شناخت 26 سالہ محمد رفیع بھٹی ولد محمد ندیم بھٹی اور زخمی کی 22 سالہ عبدالجبار ولد محمد گلزار کے ناموں سے ہوئی۔نصیر آباد 14 نمبر ڈبل اے بیکری کے قریب نامعلوم گاڑی کی ٹکر سے موٹر سائیکل سوار شخص جاں بحق ہو گیا۔متوفی کی لاش کو عباسی شہید اسپتال منتقل کیا گیا۔متوفی کی عمر 25 برس کے قریب ہے تاہم فوری طور پر اس کی شناخت نہیں ہو سکی ہے ۔ سائٹ ایریا پراچہ چوک کے قریب ٹرک کی ٹکر سے موٹر سائیکل سوار جاں بحق ہو گیا۔