کراچی (اسٹاف رپورٹر)نارتھ ناظم آباد کے ڈی اے چورنگی کے قریب گزشتہ شب پولیس مقابلے میں ہلاک و زخمی ہونے والے ملزمان کی شناخت کرلی گئی۔ تفصیلات کے مطابق جمعرات کی شب نارتھ ناظم آباد تھانے کے علاقے کے ڈی اے چورنگی کے قریب پولیس اورمسلح ڈکیتوں کے درمیان فائرنگ کے تبادلے میں ہلاک و زخمی ہونے والے مبینہ ڈکیتوں کی شناخت کرلی گئی ہے۔پولیس کے مطابق پولیس مقابلے میں ہلاک مبینہ ڈکیت کی شناخت شاکر اور زخمی حالت میں گرفتار ڈکیت کی شناخت احمد ولد بشیر کے نام سے کی گئی۔زخمی حالت میں گرفتار ڈکیت احمد غیرقانونی اسلحہ رکھنے کے الزام میں گلبرگ پولیس کے ہاتھوں گرفتار ہو چکا ہے ۔پولیس نے بتایا کہ ہلاک وزخمی حالت میں گرفتار ڈکیتوں کے قبضےسے2 پستول ، تین موبائل فونز اورموٹرسائیکل برآمد کی گئی ہے۔ ہلاک اور زخمی ڈکیت شہریوں سے لوٹ مارکررہے تھے کہ گشت پر مامور پولیس پارٹی موقع پرپہنچ گئی ۔ پولیس اور ڈکیتوں کے درمیان فائرنگ کے تبادلے میں ایک ڈکیت ہلاک اور ایک ڈکیت کو زخمی حالت میں گرفتارکیا گیا۔