کراچی (اسٹاف رپورٹر)کورنگی صنعتی ایریا پولیس نے گزشتہ شب پولیس چوکی کے باہر فائرنگ سے ایک شخص کی ہلاکت اور پولیس اہلکار سمیت 3 افراد کے زخمی ہونے کے واقعہ کا مقدمہ درج کر لیا۔مقدمہ زخمی پولیس اہلکار محمد حنیف خان کی مدعیت میں قتل ،اقدام قتل اور انسداد دہشت گردی کی دفعات کے تحت درج کیا گیا ہے۔فائرنگ سے جاں بحق ہونے والا مقتول عباس موٹر سائیکل مکینک اور زخمی پولیس اہلکار کا دوست تھا ۔ مدعی مقدمہ کے مطابق میں کھارادر پولیس لین کا رہائشی اور محکمہ پولیس میں بحیثیت کانسٹیبل ملازم ہوں ۔ میری تعیناتی ضلع ملیر میں ہے اور میں لوئر اسکول کورس پر تھا جبکہ 5 اگست کو میری پاسنگ آؤٹ پریڈ ہوئی تھی ۔ مدعی کے مطابق میں 8 اگست کو کورنگی اپنے دوستوں سے ملنے جا رہا تھا ، جیسے ہی کورنگی کراسنگ روڈ اندرون ملیر ندی ساجد زمان پولیس چوکی پہنچا تو میری موٹر سائیکل خراب ہوگئی اور قریب کوئی مکینک کی دکان نہیں تھی جس پر میں نے اپنے دوست موٹر سائیکل مکینک عباس کو بلوایا اور اپنی موٹر سائیکل پولیس چوکی کے باہر کھڑی کی۔ میرا دوست بھی پہنچ گیا ،اس دوران ہم پولیس چوکی کے باہر کرسیوں میں بیٹھ کر ایک دوسرے کا حال احوال ہی پوچھ رہے تھے کہ اور موٹر سائیکل کی خرابی کے بارے میں بات چیت کر رہے تھے کہ اچانک رات 10 بجکر 5 منٹ پر 2 موٹر سائیکلوں پر سوار 4 ملزمان جو کہ شلوار قمیض پہن ہوئے تھے آئے اور انھوں نے رکتے ہی اپنے اپنے اسلحے سے ہم پر جان سے مارنے کی نیت سے اور دہشت پھیلانے کے لیے سیدھی فائرنگ کی جس کے نتیجے میں ایک گولی میری سیدھی ٹانگ کے نچلے حصے میں لگی اور میں زخمی ہو کر گر گیا۔